نوجوان کانگریس رہنما مسعود ظفر راجستھان اقلیتی امور کے انچارج مقرر
ظفر دہلی کانگریس کی آئی ٹی سیل کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا کے علاوہ متعدد کانگریسی لیڈروں کے ساتھ کام کیا ہے۔
نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے چیرمین ندیم جاوید نے بہار کے ضلع کشن گنج سے تعلق رکھنے والے نوجوان کانگریسی لیڈر مسعود ظفر کو راجستھان اقلیتی امور کا انچارج مقرر کیا ہے۔ ظفر نے یہ بات فون پر بتائی۔
ظفر اس سے پہلے دہلی کانگریس کے سوشل میڈیا (آئی ٹی سیل) کے سربراہ رہ چکے ہیں اور انہوں نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت اور ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپندر سنگھ ہڈا کے علاوہ متعدد کانگریسی لیڈروں کے ساتھ کام کیا ہے۔ وہ راہل گاندھی کے نوجوانوں کی ٹیم کے ایک رکن بھی رہ چکے ہیں اور کانگریس میں فعال ہیں۔ اس کے علاوہ ظفر کو جموں و کشمیر کے الیکشن میں مشاہد بھی بنایا گیا تھا۔ اس کے ساتھ وہ کانگریس کے سکریٹری اور بہار امور کے انچارج راجیش للوٹھیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
مسعود ظفر کانگریس میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے الیکشن میں حصہ لے چکے ہیں۔ 15سے 20 ریاستوں میں مختلف کانگریسی لیڈروں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
راجستھان کے اقلیتی امور کا انچارج بنائے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کی امید پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے اور مسلم نوجوانوں کو کانگریس سے جوڑنے کی کوشش کریں گے تاکہ مسلمانوں کی سیاست میں شراکت میں اضافہ ہو۔
اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ مسلم نوجوانوں کو زیادہ سے تعداد میں سیاست میں حصہ لینا چاہیے کیوں کہ تمام ترقی کی راہ سیاست سے ہی ہوکر گزرتی ہے اور اسی میں مسلمانوں کی سیاسی، سماجی، تعلیمی اور معاشی ترقی کا راز مضمر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔