کرگل وجے دیوس کے موقع پر شہدا کو یاد کیا گیا، وزیر اعظم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت

کرگل وجے دیوس کے موقع پر ملک بھر میں اس جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو یاد کیا جا رہا ہے، اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شہدا کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے

دراس سیکٹر پر فوجیوں کے ساتھ موجود جنرل بپن راوت / ٹوئٹر / @adgpi
دراس سیکٹر پر فوجیوں کے ساتھ موجود جنرل بپن راوت / ٹوئٹر / @adgpi
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کرگل وجے دیوس کے موقع پر ملک بھر میں اس جنگ میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ صدر رام ناتھ کووند اس موقع پر دراس میں تولولنگ پہاڑی کے دامن میں واقع جنگ کی یادگاری پر شہدا کو خراج تحسین پیش کریں گے۔ وہیں اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی شہدا کی قربانی کو یاد کیا ہے۔ خیال رہے کہ کرگل وجے دیوس 1999 کی کرگل جنگ میں شہید ہوئے ملک کے بہادروں کے اعزاز میں ہر سال 26 جولائی کو منایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم نے ٹویٹ پیغام میں کہا ’’ہم ان (شہدا) کی قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ ہم ان کی بہادری کو یاد کرتے ہیں۔ آج کرگل وجے دیوس پر ہم اپنے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے کرگل میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ان کی بہادری ہمیں ہر روز تحریک دیتی ہے۔‘‘


وزیر اعظم مودی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ گزشتہ سال کے ’من کی بات‘ پروگرام کے کچھ اقتباسات کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ ویڈیو میں وزیر اعظم کہتے ہیں ’’کرگل وجے دیوس ہندوستانیوں کے لئے ایک بہت اہم دن ہے۔ ہندوستان کے بہادر جوانوں نے اس دن کرگل کی چوٹیوں پر ڈیرا جمائے بیٹھے دراندازوں اور پاکستانی فوجیوں کو بھگایا تھا۔ تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے والی اس جنگ میں ہندوستانی افواج نے زبردست فتح حاصل کی تھی۔‘

ادھر، کرگل وجے دیوس سے ایک روز قبل شام کے وقت تولولنگ، ٹائیگر ہل اور دیگر مقامات پر ہونے والی جنگ کو یاد کیا گیا اور لداخ کے دراس علاقوہ میں قائم کرگل جنگ یادگاری پر 559 چراغ روشن کئے گئے۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی عہدیداران، فوجی اہلکار کے اہل خانہ اور دیگر افراد موجود رہے۔ فوج کی جانب سے اتوار کی صبح بھی آپریشن وجے کی کئی ولولہ انگیز کہانیوں کو یاد کرنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں بھی کرگل جنگ کے کئی ایورڈ یافتہ فوجیوں اور ان کے اہل خانہ سمیت بڑی تعداد میں فوجیوں نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔