کشمیر میں جوانوں کی شہادت: ’مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت گردی ناقابل قبول‘، پرینکا گاندھی کا ردعمل
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قتل و غارت گری کو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے قابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے
نئی دہلی: جموں و کشمیر میں گزشتہ روز ملی ٹینٹوں کے حملہ میں دو فوجی شہید ہو گئے جبکہ فوج کے لیے کام کرنے والے دو مزدور بھی مارے گئے۔ اس حملہ پر کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قتل و غارت گری کو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے قابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایکس پر لکھا، ’’جموں و کشمیر کے گلمرگ میں دہشت گردانہ حملے میں دو فوجیوں کی شہادت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ اس حملے میں دو پورٹر بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ خدا مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت گردی ناقابل قبول ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
خیال رہے کہ شمالی کشمیر کے گلمرگ سے 6 کلومیٹر دور فوج کی ایک گاڑی پر جمعرات کو ہونے والے ملی ٹینٹوں کے حملے میں دو جوان شہید جبکہ فورسز کے ساتھ کام کرنے والے دو مزدوروں کی موت ہو گئی تھی۔ وہیں، 3 فوجیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔ بوٹا پتھری علاقہ میں کئے گئے اس حملہ میں زخمی دو فوجیوں کی حالت سنگین ہے، جو زیر علاج ہیں۔ علاقہ میں فوجیوں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق گاڑی پر سوار جوانوں نے حملہ ہونے پر جوابی کارروائی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔