مراٹھا ریزرویشن: ’فروری تک انتظار نہیں کر سکتے‘، شندے حکومت پر منوج جرانگے کا حملہ

منوج جرانگے پاٹل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر شندے حکومت نے 24 دسمبر سے پہلے ریزرویشن نہیں دیا تو پھر سے احتجاجی مظاہرے شروع ہو جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>منوج جرانگے پاٹل، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

منوج جرانگے پاٹل، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں مراٹھا ریزرویشن کو لے کر ایک بار پھر سیاست تیز ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے منوج جرانگے پاٹل کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے مراٹھا ریزرویشن کے لیے ریاستی مقننہ کا خصوصی اجلاس منعقد کیے جانے کی بات کہی تھی۔ شندے حکومت کے اس فیصلے پر منوج جرانگے پاٹل نے شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ وہ مراٹھا ریزرویشن کے لیے زیادہ انتظار نہیں کر سکتے۔

سماجی کارکن منوج جرانگے نے مہاراشٹر کی ایکناتھ شندے حکومت کو ایک بار پھر الٹی میٹم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مراٹھا سماج فروری تک انتظار نہیں کرے گا۔ اگر شندے حکومت نے 24 دسمبر تک کی مدت کار سے پہلے ریزرویشن سے متعلق فیصلہ نہیں کیا تو پھر سے احتجاجی مظاہرے شروع ہو جائیں گے۔


منوج جرانگے نے مراٹھا ریزرویشن تحریک کے زیرو گراؤنڈ جالنہ ضلع کے انتروالی سارتھی گاؤں میں کہا کہ ’’ہم ریزرویشن کے لیے فروری تک انتظار نہیں کریں گے۔ اگر ریاستی حکومت (ریزرویشن کے لیے) قانون بنانے پر اپنا رخ واضح نہیں کرتی ہے اور مراٹھا طبقہ کے سبھی لوگوں کو کنبی (او بی سی) سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ضلع مجسٹریٹ کو حکم جاری نہیں کرتی ہے تو ہم 24 دسمبر سے احتجاجی مظاہرہ شروع کرنے کو لے کر پرعزم ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ 23 دسمبر کو بیڈ میں ایک میٹنگ کے دوران احتجاجی مظاہرہ سے متعلق منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔

اس سے قبل منگل کے روز وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اسمبلی میں کہا تھا کہ ریاستی پسماندہ طبقہ کمیشن کی رپورٹ کے تجزیہ کے بعد مراٹھا طبقہ کو ریزرویشن دینے کے لیے ضرورت پڑنے پر اگلے سال فروری میں ریاستی مقننہ کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا تھا کہ ان اشخاص کے سگے رشتہ داروں کو کنبی (دیگر پسماندہ طبقہ) سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت دی جائے گی جن کے پاس پہلے سے ہی اس طرح کے دستاویز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔