مراٹھا تحریک LIVE: تشدد، آتشزدگی اور پتھراؤ کے بعد مراٹھا ریزرویشن تحریک واپس
مہاراشٹر میں احتجاج کا آج دوسرا دن ہے، پُر تشدد مظاہروں کے دوران 10 پولس اہلکار زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی موت واقع ہو گئی ہے۔ اب تک دو مظاہرین خود کشی کر چکے ہیں۔
مراٹھا تحریک کی آگ میں جھلسا مہاراشٹر
مہاراشٹر میں مراٹھا طبقہ کی طرف سے ریزرویشن کے لئے چلائی جا رہی تحریک کی آگ اب پوری طرح بھڑک چکی ہے۔ ریزرویشن کے حق میں مظاہرہ کر رہے دو افراد اب تک اپنی جان دے چکے ہیں۔ دو روز قبل جہاں مظاہرین میں سے ایک نوجوان نے گوداوری ندی میں کود کر اپنی جان دی تھی جبکہ آج ایک نوجوان نے زہر خا کر خود کشی کر لی۔ کئی دیگر لوگوں کو خودکشی کرنے سے روکا گیا۔ پُرتشدد مظاہروں کے دوران 10 پولس اہلکار زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک کی موت واقع ہو گئی ہے۔
اورنگ آباد کے ایک کسان جگن ناتھ سوناونے نے ریزرویشن کے حق میں زہر کھا لیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن اس کی موت واقع ہو گئی۔
کل مراٹھا کرانتی موچہ کی طرف سے مہاراشٹر بند کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ آج ممبئی بند کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ممبئی بند کے دوران آج بیسٹ بسوں پر پتھراؤ کیا گیا جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر دیا اور 2 مظاہرین نے خود کشی کرنے کی کوشش کی۔
مراٹھا طبقہ مہاراشٹر کی سیاست میں کافی دخل رکھتا ہے اور ریزرویشن کا مسئلہ کافی متنازعہ ہے۔ ریاست کی آبادی میں تقریباً 30 فیصد مراٹھا ہیں۔ اس سے پہلے مراٹھا طبقہ کے رہنما اپنے مطالبات کے حق میں مختلف اضلاع میں ریلیاں کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال ممبئی میں مراٹھا کرانتی مورچہ نے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔
ممبئی-پونے شاہراہ پر مہاراشٹر پولس نے آنسو گیس چھوڑا
مراٹھا کرانتی مورچہ کے بند حامیوں نے کالمبولی میں ممبئی-پونے شاہراہ کو بند کر دیا تھا جس کے پیش نظر مہاراشٹر پولس نے آنسو گیس چھوڑا۔ اس کے ذریعہ وہاں احتجاج کر رہے لوگوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی۔ بہر حال، اس وقت مراٹھا کرانتی مورچہ نے بند واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے اور حالات دھیرے دھیرے معمول پر آ رہے ہیں۔
مراٹھا کرانتی مورچہ نے بند واپسی کا اعلان کیا
سرکاری ملازمت اور تعلیم میں ریزرویشن کے مطالبہ کے حق میں جاری بند کو مراٹھا کرانتی مورچہ نے واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ممبئی بند کا وسیع پیمانے پر اثر، لوگوں کو بھاری پریشانی کا سامنا
- بیسٹ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ممبئی بند کے دوران 9 بسوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ کورلا، بھندوپ، اندھیری، ساکی ناکا، کاندی والی، کوپر کھیرانے اور چاندی ولی میں بسوں میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔
- پنویل میں مظاہرین نے ممبئی-گوا ہائی وے بند کر دیا ہے۔ رائے گڑھ کے نزدیک ہائی وے پر درجنوں مظاہرین اکٹھا ہو گئے ہیں۔
- پونے میں ریل خدمات متاثر نہیں ہوئی ہیں اور تمام ٹرینیں حسب معمول چل رہی ہیں: پی آر او، پونے ریلوے۔
- مظاہرین نے ایسٹرن ایکسپریس وے کو بند کر دیا ہے۔
- نوی ممبئی میں اسکول-کالج بند رکھے گئے ہیں۔ ٹھانے اور جوگیشوری میں لوکل ٹرینوں کو بھی روکا گیا جس کے سبب عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
دو روز قبل گوداوری ندی میں کود کر اپنی جان دینے والے مراٹھا نوجوان کی آخری رسومات کل ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایک پولس کانسٹبل زخمی ہو گیا تھا جس کی موت واقع ہو گئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ کانسٹبل کی موت کے اسباب ابھی معلوم نہیں ہیں۔ پولس کے ایک افسر نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس کے ہاتھوں اور پیروں میں چوٹ کے نشان ہیں۔ مراٹھا نوجوان کی آخری رسومات کے وقت دیگر کئی پولس اہلکار بھی زخمی بھی ہوئے تھے۔
غور طلب ہے کہ 27 سالہ کاکا صاحب شندے اورنگ آباد میں گوداوری ندی کے ایک پل سے کود گیا تھا۔ اسے نکال کر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ایک طرف جہاں مراٹھا تحریک کی آگ بھڑکی ہوئی ہے وہیں دوسری طرح مہارشٹر حکومت کا غیر حساس چہرہ بھی اجاگر ہو رہا ہے۔ مہاراشٹر حکومت میں مالیات کے وزیر چندرکانت پاٹل نے مراٹھا تحریک کے ہائی چیک ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے بس میں جو تھا وہ کیا، اب اس معاملہ پر عدالت فیصلہ سنائے گی۔ ساتھ ہی پاٹل کا یہ بھی کہنا ہے کہ چند سکوں کے دم پر خریدے ہوئے لوگ اس تحریک میں داخل ہو گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔