'اَن لاک 5' میں دی گئیں کئی سہولیات، سنیما ہال 15 اکتوبر سے کھولنے کی اجازت

مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعہ جاری تازہ رہنما خطوط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن 31 اکتوبر تک نافذ رہے گا۔ نئے رہنما خطوط جمعرات سے نافذ العمل ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے کورونا وبا کے سبب ملک بھر میں گزشتہ مارچ سے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کے بعد مختلف سرگرمیوں کو دوبارہ سے شروع کرنے کے سلسلے میں پانچویں مرحلے (اَن لاک 5) کی رہنما ہدایات آج جاری کردی ہے۔ تازہ ہدایات میں کنٹنمنٹ زون کے باہر کے علاقوں میں 15 اکتوبر سے سنیما ہال اور تھیئٹر کو نصف گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تعلیمی اداروں کو 15 اکتوبر کےبعد کھولنے کا فیصلہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ رہنما خطوط میں واضح طور پر کہا گیاہے کہ ملک بھر کے کنٹنمنٹ زون میں لاک ڈاؤن 31 اکتوبر تک نافذ رہے گا۔ نئے رہنما خطوط جمعرات سے نافذ العمل ہوں گے۔

پانچویں مرحلے میں کنٹمنٹ زون کے باہر کے علاقوں میں پہلے کے علاوہ کئی دیگر سرگرمیوں کو شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ رہنما خطوط ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام خطوں اور متعلقہ مرکزی وزارتوں نیز محکموں کے مشوروں سے تیار کئے گئے ہیں۔ رہنما خطوط میں کہا گیا ہےکہ وزارت داخلہ کی اجازت کے علاوہ بین الاقوامی مسافروں پر پابندی پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ تفریحی پارک اور اسی طرح کے دیگر مقامات بند رہیں گے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 اکتوبر کے بعد کنٹنمنٹ زون میں سنیما ہال، تھیئٹر اور ملٹی پلیکس نصف گنجائش کے ساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔ اس کے لئے اطلاعات و نشریات کی وزارت آپریٹنگ کا معیاری طریقہ کار جاری کرے گی۔


علاوہ ازیں بزنس نمائشوں کی بھی اجازت ہوگی اور اس کے لئے وزارت کامرس معیاری طریقہ کار جاری کرے گی۔ کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے سوئمنگ پول کھولنے کی اجازت ہوگی لکن اس کے لئے بھی متعلقہ وزارت ایس او پی جاری کرے گی۔ تفریحی پارک اور اسی طرح کے دیگر مقامات کے بارے میں معیاری طریقہ کار جاری کئے جائی گے۔

ریاست اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 15 اکتوبر کے بعد مرحلہ وار طریقے سے اسکولوں اور کوچنگ سینٹروں کو کھولنے کے بارے میں فیصہ لے سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ اسکولوں، انتظامیہ اور حالات کے جائزے کی بنیاد پر لئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی یہ کہا گیا ہے کہ آن لائن تعلیم کو ترجیح دی جائے گی۔ جو اسکول آن لائن کلاسز جاری رکھتے ہیں وہاں اگر طلبا آن لائن کلاسز کو ترجیح دینا چاہتے ہیں تو انہیں اس کی اجازت دی جائے گی۔ اسکول آنے والے طلبا کو والدین سے اجازت لینی ہوگی۔ حاضری کو مسلط نہیں کیا جائے گا اور والدین کے اجازت پر ہی بچے اسکول جائیں گی۔ اسکولوں کے سلسلے میں ریاستیں اپنے معیاری طریقہ کار وضع کریں گی۔


کالجوں کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ تعلیم کی وزارت کرے گی لیکن اس کے لئے اسے وزارت داخلہ کے ساتھ صلاح و مشورہ اور حالات کا جائزہ لینا ہوگا۔ کالجوں میں بھی آن لائن تعلیم کو ترجیح دی جائے گی۔ تحقیق کرنے والوں کے لئے اعلی تعلیمی اداروں اور دیگر سائنس و ٹکنالوجی کے پوسٹ گریجویٹ کورسز کے لئے ادارے شرائط کے ساتھ 15 اکتوبر سے کھولے جاسکتے ہیں۔

ریاست اور مرکز کے زیر انتظام خطے کنٹنمنٹ زون کے باہر 15 اکتوبر کے بعد سماجی، تعلیمی، کھیل، تفریحی، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی پروگرام میں 100 سے زیادہ لوگوں کے شامل ہونے کی شرط کے ساتھ اجازت دے سکتے ہیں۔ اس کے لئے بھی معیارات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ ریاست یا مرکز کے زیر انتظام خطوں کو کنٹنمنٹ زون کے باہر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا حق نہیں ہوگا۔ اس کے لئے انہیں مرکزی حکومت سے پہلے اجازت لینی ہوگی۔ ریاستوں کے اندر اور ایک سے دوسری ریاست میں آمد و رفت پر بھی کسی طرح کی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔ ملک بھر میں کووڈ منیجمنٹ سے متعلق پروٹوکول نافذ رہے گا اور اروگیہ سیتو ایپ کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔