اوکھلا: ’الشفاء اسپتال‘ کے کئی طبی اہلکار ہوئے کوارنٹائن، علاقے میں دہشت

الشفا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر موتی لال سمیت 10 لوگوں کو کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ یہ تمام لوگ کورونا پازیٹو مریض فیضل مجیب کے رابطے میں آئے تھے، جس کے بعد سبھی کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اوکھلا کے مشہور 'الشفاء اسپتال' میں 10 طبی اہلکاروں کے کوارئنٹائن کیے جانے کی خبر پھیلنے کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان اس واقعہ نے عام لوگوں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الشفاء کے جن 10 طبی اہلکاروں کو علیحدہ اور لوگوں سے دوری بنا کر رہنے کے لیے کہا گیا ہے وہ کورونا پازیٹو مریض کے رابطے میں آئے تھے۔

کچھ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق الشفا اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر موتی لال سمیت 10 لوگوں کو کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ پورے معاملے کو لے کر الشفا اسپتال کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے مریض فیضل مجیب کے رابطے میں یہ تمام اسٹاف آئے تھے ، جس کے بعد ان تمام لوگوں کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔


پریس ریلیز کے مطابق ان تمام لوگوں کو رام منوہر لوہیا اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کے لیے بھی کہا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان سب کی رپورٹ منگل تک آ جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ الشفاء اسپتال میں الگ سے ایک وارڈ بنایا گیا ہے ، جس میں تمام طبی اہلکاروں کو رکھا گیا ہے۔ الشفا اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ یہ لوگ کورونا وائرس مریض کے رابطے میں آئے تھے ، جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کو اسپتال میں جبکہ کچھ لوگوں کو ان کے گھر پر 14 دنوں کے لیے کوارنٹائن کردیا گیا ہے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ الشفاء اسپتال کے ایک ڈاکٹر میں کورونا پازیٹو کی تشخیص ہو چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹر نے ایک خاتون کورونا پازیٹو مریض کا علاج اپریل کے پہلے ہفتہ میں کیا تھا۔ جب پتہ چلا کہ خاتون کورونا پازیٹو ہے تو ڈاکٹر کا بھی کووڈ-19 ٹیسٹ کرایا گیا جس میں ان کے اندر بھی وائرس انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے بعد انھیں سرکار کی نگرانی میں چل رہے کوارنٹائن سنٹر میں رکھا گیا۔ ڈاکٹر کے رابطے میں آئے اسٹاف اور دیگر طبی اہلکاروں کا بھی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا لیکن ان کی رپورٹ نگیٹو آئی تھی۔


واضح رہے کہ دہلی کے اس مسلم اکثریتی علاقہ میں کورونا کے کئی معاملات سامنے آئے ہیں۔ ذاکر نگر کے علاقہ میں چھ کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے کے بعد ذاکر نگر کے ساتھ ساتھ بٹلہ ہاؤس کے کچھ علاقوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ ذاکر نگر علاقہ کو تو کنٹمنٹ زون بھی بنا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شاہین باغ میں بھی کچھ گلیوں کو سیل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔