دہلی: بی جے پی لیڈر کرن سنگھ کا ٹکٹ کٹنے سے ناراض کئی پارٹی کارکنان نے کیا ہنگامہ
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا کی رہائش پر جمع ہو کر کئی ناراض پارٹی کارکنان نے زبردست ہنگامہ کیا۔ یہ سبھی پارٹی کارکنان کرن سنگھ تنور کا ٹکٹ کٹنے سے ناراض تھے اور انھیں ٹکٹ دینے کا مطالبہ کر رہے تھے
دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر عآپ اور بی جے پی نے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے جب کہ کانگریس بھی بہت جلد اپنے امیدواروں کا اعلان کرنے والی ہے۔ اس درمیان بی جے پی کے کئی کارکنان ٹکٹ تقسیم کو لے کر ناراض نظر آ رہے ہیں اور پارٹی صدر جے پی نڈا کے گھر کے باہر جمع ہو کر ہفتہ (18 جنوری) کے روز انھوں نے خوب ہنگامہ بھی کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بی جے پی لیڈر کرن سنگھ تنور کو اس مرتبہ بی جے پی نے ٹکٹ نہیں دیا اور اسی بات سے بی جے پی کے سینکڑوں کارکنان ناراض ہو گئے۔ یہ سبھی ہفتہ کی صبح بی جے پی صدر کی رہائش گاہ پر پہنچے اور گھر کے باہر ہی ہنگامہ کرنا شروع کر دیا۔ ہاتھ میں بی جے پی کا جھنڈا لیے وہ کرن سنگھ کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ دراصل کرن سنگھ تنور اور ان کے حامی یہ امید لگائے بیٹھے تھے کہ انھیں چھترپور اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ ملے گا، لیکن بی جے پی نے یہاں سے برہم سنگھ تنور کو ٹکٹ دے دیا۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے بی جے پی نے جمعہ (17 جنوری) کو اپنے امیدواروں کے ناموں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ اس فہرست میں 57 امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا۔ دہلی بی جے پی ریاستی صدر منوج تیواری نے ایک پریس کانفرنس کر کے یہ فہرست جاری کی۔ جن سیٹوں کے لیے امیدواروں کے نام کا اعلان باقی رہ گیا ہے، اس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ قابل غور ہے کہ دہلی میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد 70 ہے اور پچھلی بار بی جے پی کو محض 3 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔