منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری بی جے پی میں شامل، بی جے پی میں خاندانی سیاست کی ایک اور مثال
بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری نے کہا کہ اس نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اتنی جلدی سیاست میں آ ئیں گی۔
لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی کانگریس اور حزب اختلاف پر خاندانی سیاست کرنے کا الزام لگاتی رہی ہے جبکہ خود کے رہنما ؤں کے خاندان کے لوگ خاندانی سیاست کرتے رہے ہیں ۔ اسی لوک سبھا انتخابات میں کئی ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں بی جے پی امیدواروں کے خاندان کے لوگ بی جے پی میں سیاسی طورپر متحرک ہیں ۔ حال ہی میں اتر پردیش کے کیسر گنج سے بی جے پی نے جن کو امیدوار بنایا ہے وہ موجودہ رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے ہیں ۔ تازہ مثال اب رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری کی بی جے پی میں شمولیت ہے۔
لوک سبھا انتخابات کے درمیان دہلی بی جے پی کے سابق صدر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری بی جے پی میں شامل ہوگئی ہیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ اتنی جلدی سیاست میں آئیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کسی کو مایوس نہیں کریں گی۔ ریتی تیواری نہ صرف گلوکارہ ہیں بلکہ نغمہ نگار بھی ہیں۔
بی جے پی ایم پی منوج تیواری کی بیٹی ریتی تیواری نے کہا کہ سیاست میں آنے کا منصوبہ تھا لیکن یہ 10-15 سال بعد کا منصوبہ تھا۔ اپنا تعارف کرواتے ہوئے انہوں نے خود بتایا کہ وہ ایک این جی او میں کام کرتی ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد ریتی تیواری نے میڈیا سے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ رکن پارلیمنٹ منوج تیواری کی بیٹی ہیں اور وہ 22 سال کی ہیں جبکہ وہ ایک گلوکار ونغمہ نگار ہیں۔ وہ ایک این جی او میں کام کرتی ہیں اور سب سے بڑھ کر وہ ایک سماجی کارکن بننا چاہتی ہیں۔
ریتی تیواری نے مزید کہا کہ’’ میں حیران ہوں۔ میں خدا کے منصوبے کے بارے میں نہیں جانتی تھی۔ میں نے نہیں سوچا تھا کہ یہ آج یا اتنی جلدی یہ ہو جائے گا۔ سیاست میں شامل ہونا 10-15 سال بعد کا میرا منصوبہ تھا، لیکن بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے مجھ میں ضرور کچھ دیکھا ہوگا۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گی کہ میں کسی کو مایوس نہیں کروں گی۔‘‘
واضح رہے کہ بی جے پی نے منوج تیواری کو شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ پر منوج تیواری کا مقابلہ کانگریس کے کنہیا کمار سے ہے۔ کانگریس نے کنہیا کمار کو شمال مشرقی دہلی سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔ دہلی میں لوک سبھا کی کل 7 سیٹیں ہیں۔ دہلی کی تمام سیٹوں پر چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ ساتھ ہی انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔