میں ایسا وزیر اعظم نہیں تھا جو میڈیا سے بات کرنے میں گھبراتا ہو: منموہن سنگھ
وزیرا عظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ وہ ایسے وزیر اعظم نہیں تھے جو میڈیا سے بات کرنے سے گھبراتے ہوں۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے ان پر میڈیا سے بات نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اپنی کتاب ’چینجنگ انڈیا‘ کے اجراء کے موقع پر انہوں نے کہا ’’مجھے مون (خاموش) وزیر اعظم کہا جاتا تھا لیکن میں ایسا وزیر اعظم نہیں تھا جو میڈیا سے بات کرنے سے گھبراتا ہو۔ میں ہمیشہ صحافیوں سے ملتا تھا اور اپنے غیر ملکی دورے کے بعد پریس کانفرنس کرتا تھا‘‘۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے اس موقع پر خود کو ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر (حادثاتی وزیر اعظم) کہے جانے پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ وہ ایکسیڈینٹل وزیر خزانہ بھی رہے ہیں۔
اجراء کی اس تقریب میں منموہن سنگھ کی اہلیہ گرشرن سنگھ کور، سابق مرکزی وزیر کرن سنگھ، سینئر کانگریسی رہنما احمد پٹیل، کپل سبل، منیش تیواری سمیت کئی معزز مہمان موجود تھے۔
اس موقع پر چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش کی نو منتخب حکومتوں کےذریعہ کسانوں کا قرضہ معاف کرنے کے اعلان پر منموہن سنگھ نے کہا کہ ’’ہمیں اس فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ یہ فیصلہ کانگریس کے انتخابی منشور کا حصہ ہے جسے پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے‘‘۔
اس دوران ریزرو بینک آف انڈیا اور حکومت کے درمیان چل رہے اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ مظبوط اور آزاد ریزرو بینک کو مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ’’اس لئے میں اس بات کی امید اور دعا کرتا ہوں کہ ریزرو بینک اور مرکزی حکومت ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار ماحول میں کام کرنے کا راستہ ڈھونڈ لیں گے‘‘۔
واضح رہے کہ کانگریس صدر راہل گاندھی بھی وزیر اعظم نریندر مودی پر میڈیا سے بات نہ کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ کانگریس رہنماؤں کا ماننا ہے کہ صحافیوں سے سنجیدہ معاملوں پر تیکھے سوال پوچھے جانے سے نریندر مودی ڈرتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔