منیش سسودیا کی ای ڈی ریمانڈ میں مزید 5 دن کی توسیع، اب 22 مارچ کو عدالت میں پیشی
دہلی کے شراب پالیسی معاملہ میں ای ڈی نے عآپ لیڈر سسودیا کا ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا، ای ڈی نے سسودیا کی 7 دن کی تحویل کا مطالبہ کیا، تاہم عدالت نے 5 روزہ ریمانڈ کا حکم صادر کر دیا
نئی دہلی: دہلی کے شراب پالیسی گھوٹالے میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جمعہ کے راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا۔ ای ڈی نے سسودیا کی 7 دن کی تحویل کا مطالبہ کیا، تاہم عدالت نے 5 روزہ ریمانڈ کا حکم صادر کر دیا۔ اب سسودیا کو 22 مارچ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اپنے حکم میں عدالت نے منیش سسودیا کو اپنے گھریلو اخراجات کے لیے چیک پر دستخط کرنے اور ضبط کیے گئے بینک اکاؤنٹس کا استعمال کرنے کی بھی اجازت دے دی۔ وہیں، عآپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ ای ڈی نے بغیر کسی بنیاد کے ریمانڈ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منیش سسودیا کے ساتھ دہشت گرد سے بھی بدتر سلوک کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں سماعت کے دوران سسودیا کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ایجنسی انہیں پوچھ گچھ کے نام پر صرف ادھر ادھر بٹھاتی ہے۔ 7 دنوں میں صرف 11 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔ ای ڈی نے عدالت میں کہا کہ تفتیش نازک موڑ پر ہے، اگر ابھی تحویل نہیں ملی تو ساری محنت رائیگاں جائے گی۔ اتنا ہی نہیں، جانچ ایجنسی نے عدالت کو بتایا کہ منیش سسودیا سے سی سی ٹی وی کی نگرانی میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اب 18 اور 19 تاریخ کو دو افراد کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا ہے۔
دوسری طرف سسودیا نے عدالت میں کہا ’’کوئی انکوائری نہیں ہو رہی ہے۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ کو ساری رات بٹھا دیں، لیکن کم از کم کچھ تو پوچھ لیں لیکن وہ کچھ نہیں کرتے۔‘‘
خیال رہے کہ سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو دہلی کی شراب پالیسی میں مبینہ گھپلے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ کچھ دنوں بعد ای ڈی نے جیل میں ہی ان سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔ سسودیا 20 مارچ تک عدالتی تحویل میں ہیں۔ ان کی درخواست ضمانت کی سماعت 21 مارچ کو ہونی ہے۔
دہلی میں نئی ایکسائز پالیسی کو کیجریوال حکومت نے 17 نومبر 2021 کو لاگو کیا تھا۔ دہلی حکومت نے نئی پالیسی لا کر مافیا راج کو ختم کرنے کی دلیل دی تھی۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ جولائی 2022 میں دہلی کے اس وقت کے چیف سکریٹری نے اس معاملے میں ایل جی وی کے سکسینہ کو رپورٹ پیش کی۔ اس میں ایکسائز پالیسی میں گڑبڑ کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پر شراب کے تاجروں کو ناجائز فائدہ پہنچانے کا بھی الزام لگایا گیا۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر سی بی آئی نے 17 اگست 2022 کو سسودیا سمیت 15 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ 22 اگست کو ای ڈی نے ایکسائز پالیسی میں منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا۔ 6 ماہ کی تفتیش کے بعد سی بی آئی نے سسودیا کو گرفتار کر کر لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔