دہلی میں جی-20 کی خصوصی تیاریوں کے لیے 927 کروڑ روپے کی ضرورت: سسودیا

منیش سسودیا نے نرملا سیتارمن  کو بتایا کہ  حکومت ہند دہلی حکومت کو مرکزی ٹیکس کے حصہ کے طور پر کوئی رقم نہیں دے رہی ہے اور دہلی حکومت کو کوئی اضافی گرانٹ نہیں دیا جاتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

دہلی میں جی20 کی تیاریوں کے پیش نظر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کو ایک خط لکھا ہے، جس میں جی-20 کی تیاریوں کو تیز کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے فنڈز طلب کئے گئے ہیں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اپنے خط میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے کہا ہے کہ ہندوستان کے لیے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس بار ہندوستان جی-20 اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ ہم دہلی والوں کے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ جی-20 کی زیادہ تر اہم سرگرمیاں دہلی میں ہی ہونے والی ہیں۔ G-20 کے اس اجلاس کو کامیاب بنانے کی سمت میں حکومت دہلی، ہندحکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر ے گی۔

سسودیا نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی قیادت میں پوری دہلی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ جی-20 اجلاس کے دوران یہاں آنے والے بین الاقوامی مہمانوں کی میزبانی میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ اس کے ساتھ ہی انہیں 21ویں صدی کے ہندوستان کی راجدھانی دہلی سے ناقابل فراموش یادوں کے ساتھ واپس جانا چاہیے۔ اس سمت میں دہلی حکومت کے مختلف محکموں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے لے کر مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کے انعقاد کے لیے ایک فریم ورک بنایا ہے، جس میں جی20 کے بڑے مقامات کے ارد گرد کے مخصوص علاقوں کی خوبصورتی اور دہلی کے اہم مقامات پر مخصوص سرگرمیوں اور تقریبات کا انعقاد شامل ہے۔


نائب وزیراعلی نے کہا کہ دہلی حکومت کو جی-20 کی تیاریوں کے لیے بنائے گئے خصوصی منصوبوں کے لیے 927 کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ بھی ان کوششوں کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ G-20 کی تیاریوں کے لیے ان تمام کوششوں اور پروگراموں کو لیفٹیننٹ گورنر نے بھی منظوری دے دی ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے وزیر خزانہ کو خط لکھ کر کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ حکومت ہند دہلی حکومت کو مرکزی ٹیکس کے حصہ کے طور پر کوئی رقم نہیں دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت ہند کی طرف سے دہلی حکومت کو کوئی اضافی گرانٹ نہیں دیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ملک کی تمام ریاستوں کے میونسپل کارپوریشنوں کو ان کی آبادی کے حساب سے جو رقم دی جاتی ہے ، وہ دہلی میونسپل کارپوریشن کو بھی نہیں دی جاتی ہے۔ اپنے محدود وسائل کے ساتھ دہلی حکومت کے لیے جی20 میٹنگ کی تیاریوں کے لیے اضافی 927 کروڑ روپے خرچ کرنا آسان نہیں ہوگا۔ اس لیے آپ سے گزارش ہے کہ G-20 اجلاس کی اہمیت کو سمجھیں۔


مسٹر سسودیا نے دہلی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے ضروری 927 کروڑ روپے دستیاب کرائے جانے کی درخواست کی ۔ اس سے دہلی حکومت کو ان تمام اسکیموں اور پروگراموں کو آسانی سے نافذ کرنے میں مدد ملے گی اور تمام تیاریاں وقت پر مکمل ہو جائیں گی۔ انہوں نے محترمہ سیتارمن سے پوری امید ظاہر کی کہ دہلی حکومت اس سمت میں ان سے مثبت تعاون حاصل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔