عوام نے مودی کے خلاف ووٹ دیا، میڈیا-ای سی نتائج کو تبدیل کرنے پر آمادہ: سسودیا
سسودیا نے کہا، ’’ان مشینوں سے مودی انتخابات جیت جائیں گے اور پھر ہر بار کی طرح خود کو صحافی کہنے والے لوگ کہیں گے ... ہارے ہوئے لوگ ای و ایم کا بہانہ بنا رہے ہیں۔‘‘
نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے پس منظرمیں سوشل میڈیا پر آ رہی مبینہ رپورٹس پر الیکشن کمیشن اور میڈیا کے خلاف منگل کو سخت بیان دیا ہے۔
سسودیا نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’جھانسی، میرٹھ، غازی پور، چندولی اور سارن ہر جگہ ووٹوں کی گنتی مراکز پر مشینیں بدلی جا رہی ہیں لیکن الیکشن کمیشن اور نام نہاد میڈیا مودی کے سامنے جھکے ہوئے ہیں، آنکھوں پر پٹی باندھے گھٹنوں کے بل بیٹھے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’عوام نے مودی کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ میڈیا اور الیکشن کمیشن مل کر اسے تبدیل کر رہے ہیں‘‘۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا، ’’انتخابات کے دو دن بعد پھگواڑہ میں پرائیویٹ گاڑی میں ای وی ایم ووٹوں کی گنتی مراکز پر پہنچیں پھر بھی الیکشن کمیشن اور میڈیا آج خاموش ہے۔ ان مشینوں سے مودی انتخابات جیت جائیں گے اور پھر ہر بار کی طرح خود کو صحافی کہنے والے لوگ کہیں گے ... ہارے ہوئے لوگ ای وی ایم کا بہانہ بنا رہے ہیں‘‘۔ منیش سسودیا کے دونوں ٹوئٹز کو دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے بھی ری ٹوئٹ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پوروانچل کے چار اضلاع وارانسی، چندولی، مئو اور غازی پور میں پیر کی شام سے ہی ای وی ایم کو لے کر ہنگامہ جاری ہے۔ رات میں کئی مقامات پر تنازعہ ہونے کے بعد فورس تک بلانی پڑ گئی۔ ان اضلاع میں اتحاد کے امیدواروں کی طرف سے ای وی ایم تبدیل کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا جب امیدوار اور ان کے حامیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے ای وی ایم کی نگہبانی خود کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس کے بعد انتظامیہ کے ہاتھ پیر پھول گئے اور آناً فاناً میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کرنا پڑا۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔