کشمیر: ائر فورس اسٹیشن میں داخل ہونے والا ذہنی طور پر معذور شخص ہلاک

سنتری کے متعدد انتباہات کے بعد بھی مذکورہ شخص نہیں رکا۔ سنتری نے گولیوں کے کچھ راؤنڈ ہوا میں چلائے پھر بھی مذکورہ شخص نہیں رکا۔ بعدازاں مذکورہ شخص کو نشانہ بناکر گولیاں چلائیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: سیکورٹی فورسز نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع ائر فورس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ذہنی طور پر معذور شخص کو ہلاک کردیا ہے۔ یہ واقعہ گذشتہ نصف شب کو پیش آیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ نصف شب کو ایک شخص ائر فورس اسٹیشن کے سیکورٹی زون علاقہ میں داخل ہوا۔

انہوں نے کہا ’مذکورہ شخص نے سیکورٹی باڑ عبور کی اور اسٹیشن پیریمیٹر وال کے نزدیک پہنچ گیا۔ سنتری کے متعدد انتباہات کے بعد بھی مذکورہ شخص نہیں رکا۔ سنتری نے گولیوں کے کچھ راؤنڈ ہوا میں چلائے لیکن مذکورہ شخص تب بھی نہیں رکا۔ سنتری نے بعدازاں مذکورہ شخص کو نشانہ بناکر گولیاں چلائیں‘۔ پولس ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن اتھارٹیز نے بعد ازاں پولس پوسٹ ہمہامہ کو مطلع کیا۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اور ڈیوژنل آفیسر (ایس او) جائے واردات پر پہنچ گئے۔انہوں نے بتایا ’اسپاٹ ایگزامنیشن سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص جو ذہنی طور پر معذور نظر آرہا تھا، کی عمر 50 سے 55 برس کے درمیان ہوگی۔ اس کو مردہ پایا گیا۔ اس نے جوتے یا موسم سرما میں استعمال ہونے والے کپڑے نہیں پہنے تھے۔ اس کی جیپ سے کوئی شناختی کارڈ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اسٹیشن کے نزدیک کوئی شہری آبادی نہیں ہے‘۔ پولس ترجمان نے بتایا کہ بعدازاں پولس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا ’مہلوک کی شناخت کی جارہی ہے۔ شناخت کے لئے نزدیکی دیہاتوں میں رہنے والوں سے مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔ واقعہ کی نسبت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے‘۔ یہ وادی میں پہلا واقعہ نہیں ہے کہ جب کسی ذہنی طور پر معذور شخص کو سیکورٹی زون میں داخل ہوتے ہوئے ہلاک کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔