دہلی: مذہب سے باہر شادی کرنے والی خواتین کو پریشان کرنے والا بنّی گرفتار
بنّی نے پولس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ اپنے مذہب کی خواتین کی پروفائل چیک کرتا تھا، جس بھی خاتون نے مذہب سے باہر کے شخص سے شادی کی ہوتی تھی، وہ اس کے پروفائل پر نازیبا میسیج بھیج کر پریشان کرتا تھا۔
اپنا مذہب تبدیل کر دوسرے مذہب کے لڑکوں سے شادی کرنے والی کچھ لڑکیوں کو سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم شخص کافی دنوں سے پریشان کر رہا تھا۔ دہلی پولس میں کچھ خواتین نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی، اور پھر کافی تگ و دو کے بعد اب دہلی پولس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنے تبصروں سے ان خواتین کا ذہنی استحصال کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سنکی نوجوان کا نام انگد عرف بَنّی ہے اور تلک نگر واقع اس کی رہائش گاہ سے پولس نے گرفتار کیا ہے۔
مغربی ضلع کے ڈی سی پی دیپک پروہت نے اس معاملے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دنوں ان کے ضلع کے سائبر سیل کے پاس دو خواتین کی شکایت پہنچی۔ دونوں خواتین کے مطابق ان کا انسٹاگرام پر اکاؤنٹ ہے۔ بتایا گیا کہ دونوں کے پروفائل پر الگ الگ پروفائل سے نازیبا زبان اور گالیوں والے پیغامات کر کے پریشان کیا جا رہا ہے۔ دونوں ہی خواتین نے الگ الگ شکایت کی تھی اور بعد میں پتہ چلا کہ دونوں کو پریشان کرنے والا نوجوان ایک ہی تھا۔
ایک خاتون کا تعلق تلک نگر سے تھا اور دوسری کا ہری نگر سے۔ جب جانچ شروع کی گئی تو پایا گیا کہ میسج بھلے ہی الگ الگ پروفائل سے کیے گئے ہیں، لیکن دونوں ہی پروفائل کے لیے ایک ہی انٹرنیٹ کنکشن کا استعمال کیا گیا ہے۔ جانچ میں آئی پی ایڈریس سے گھر کا پتہ نکلوایا گیا جو کہ تلک نگر واقع رمیش نگر علاقے کا نکلا۔ پولس نے یہاں سے انگد عرف بنّی کو گرفتار کر لیا۔
دہلی پولس نے جب گرفتار کر کے بنّی سے پوچھ تاچھ کی تو اس نے بتایا کہ وہ انسٹاگرام پر اپنے ہی مذہب کی لڑکیوں اور خواتین کی پروفائل چیک کرتا تھا۔ جس بھی خاتون نے اپنے مذہب سے باہر کے شخص سے شادی کی ہوتی تھی، وہ اس کے پروفائل پر گالی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کر میسیج بھیج کر اسے پریشان کرتا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔