بگ باس کے فاتح ایلوش یادو سے ایک کروڑ روپے تاوان مانگنے والا شخص گرفتار
گجرات پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں گروگرام پولیس نے گجرات کے ایک شخص کو مبینہ طور پر یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی-2 کے فاتح ایلوش یادو سے ایک کروڑ روپے رنگ داری مانگنے کے الزام میں گرفتار کر لیا
گروگرام: گجرات پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں گروگرام پولیس نے گجرات کے ایک شخص کو مبینہ طور پر یوٹیوبر اور بگ باس او ٹی ٹی-2 کے فاتح ایلوش یادو سے ایک کروڑ روپے کی رنگ داری طلب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت شاکر مکرانی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کو 25 اکتوبر کو وزیر آباد، گروگرام کے رہائشی ایلوش یادو کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ کسی کام سے لندن گئے تھے اور جب وہ 17 اکتوبر کو ہندوستان واپس آئے تو انہیں کئی دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔
شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ ’’یہ دھمکی دے کر ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا کہ اگر رقم نہ دی گئی تو وہ مجھے جان سے مار دیں گے۔ سیکٹر 53 پولیس اسٹیشن میں آئی پی سی کی دفعہ 384 اور 387 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے اپنی تحقیقات شروع کر دی۔‘‘
گجرات پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں گروگرام پولیس کی کرائم برانچ کے انچارج انسپکٹر جتیندر کمار نے جمعرات کو گجرات کے وڈ نگر سے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔
اے سی پی (کرائم) ورون دہیا نے کہا، ’’ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ گجرات میں آر ٹی او آفس میں ایک ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس نے یوٹیوب پر ایلوش یادو کے ویڈیوز دیکھے تھے اور راتوں رات کروڑ پتی بننے کے لیے اس سے پیسے بٹورنے کا منصوبہ بنایا تھا۔‘‘ اس نے ایلوش یادو کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کے لیے 1400 روپے میں جعلی سم کارڈ خریدا تھا۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا سم کارڈ اور ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔