ممتا کی تیلگو دیشم پارٹی اور ٹی آر ایس کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات
ٹی ڈی پی کو انصاف دلانے کے لئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اندر اور باہر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیراعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے غیر کانگریسی اور غیربی جے پی مشترکہ محاذ قائم کرنے کی مہم کے تحت آج یہاں تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔
دہلی کے دورہ پر آئیں محترمہ بنرجی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں ٹی ڈی پی لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وائی ایس چودھری اور پارٹی کے دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بات چیت کی۔ بنرجی نے ٹی آر ایس کی کویتا سمیت پارٹی کے کچھ دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگت رائے، کلیان بنرجی، دنیش ترویدی اور کچھ دیگر اراکین پارلیمان بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں شامل ٹی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ رام موہن نائیڈو نے یو این آئی کو بتایا کہ بنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی آندھراپردیش کو مالیاتی پیکج دینے کی مانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹی ڈی پی کو انصاف دلانے کے لئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اندر اور باہر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ نائیڈو نے کہاکہ کسانوں کے مسائل جیسے کئی ایسے قومی امور ہیں جن پر دونوں جماعتوں کی رائے یکساں ہے اور وہ مل کر ان کے لئے جدوجہد کریں گے۔
نائیڈو نے بتایا کہ آندھراپردیش کے وزیراعلی چندر بابو نائیڈو نے تشکیل نو کے معاملہ پر شروع سے ہی ٹی ڈی پی کا ساتھ دینے کے لئے بنرجی کا شکریہ کیاادا کیا ہے۔
ایسا سمجھا جارہا ہے کہ بنرجی نے کویتا کو تلنگانہ میں ریزرویشن کا کوٹہ بڑھانے کی ٹی آر ایس کی مانگ کو پارلیمنٹ میں مل کر اٹھانے کا یقین دلایا ہے۔ کویتا کے والد تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے حال ہی میں کلکتہ جاکر بنرجی سے ملاقات کی تھی۔ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ دونوں نے مشترکہ محاذ قائم کرنے کے تعلق سے بات چیت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔