شوبھندو ادھیکاری کو سبق سکھانے کے موڈ میں ممتا بنرجی، نندی گرام سے انتخاب لڑنے کا کیا اعلان
ممتا بنرجی بھوانی پور سے انتخابات لڑتی رہی ہیں لیکن اس بار وہ پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے شوبھندو ادھیکاری کو سبق سکھانے کی غرض سے نندی گرام سے اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتی ہیں۔
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کو لے کر ماحول گرم ہوتا جا رہا ہے۔ پہلے ترنمول کانگریس کے کئی رہنماؤں کا بی جے پی میں شامل ہونے کا سلسلہ سامنے آیا اور اب مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ اس مرتبہ بھوانی پور کی جگہ نندی گرام اسمبلی حلقہ سے چناؤ لڑنے کی خواہش مند ہیں۔ ممتا بنرجی کے اس اعلان کے کئی مطلب نکالے جا رہے ہیں جس میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ نندی گرام وہ اسمبلی حلقہ ہے جہاں کے شوبھندو ادھیکاری نے حال ہی میں ترنمول پارٹی کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔
ممتا بنرجی بھوانی پور سے انتخابات لڑتی رہی ہیں لیکن اس بار وہ پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے شوبھندو ادھیکاری کو سبق سکھانے کی غرض سے نندی گرام سے اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتی ہیں۔ ممتا بنرجی نے نندی گرام میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مرتبہ نندی گرام سے اسمبلی انتخابات لڑنا چاہتی ہیں۔ واضح رہے ممتا کی خواہش کے مطابق اس پر فوری طور پر فیصلہ لے لیا گیا۔
ممتا بنرجی نے اس جلسے میں اعلان کیا کہ مغربی بنگال میں اس بار بھی ترنمول کانگریس کی ہی حکومت بنے گی اور پارٹی کو دو سو سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے شوبھندو ادھیکاری پر طنز کیا اور کہا کہ انہیں نندی گرام تحریک پر کسی سے علم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو تینوں نئے زرعی قوانین واپس لینے چاہیے۔
واضح رہے حال کے دنوں میں ترنمول کے کئی رہنما پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ ممتا نے اس پر کہا کہ بی جے پی پیسوں کا استعمال کر رہی ہے اور اسی وجہ سے لوگ وہاں جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے دہلی میں بیٹھے لوگ بھی ڈر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔