ممتا بنرجی نے بھی الیکشن کمیشن پر لگایا بی جے پی کے لیے کام کرنے کا الزام!

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے انکم ٹیکس افسران کو ان ہیلی کاپٹر کی جانچ کرنے کا چیلنج پیش کیا ہے جن کا استعمال انتخابی تشہیر کے لیے بی جے پی لیڈران کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی فائل فوٹو/&nbsp; تصویر ٹوئٹر&nbsp;<a href="https://twitter.com/AITCofficial">@AITCofficial</a></p></div>

ممتا بنرجی فائل فوٹو/ تصویر ٹوئٹر@AITCofficial

user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 15 اپریل کو الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے لیے کام کرنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انھوں نے بی جے پی کی حمایت کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کی تنقید کی اور متنبہ کیا کہ اگر ریاست میں ایک بھی فساد ہوا تو وہ کمیشن کے دفتر کے باہر بھوک ہڑتال شروع کر دیں گی۔

علی پور دوار میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے انتخابی کمیشن پر الزام عائد کیا کہ اس نے بی جے پی کے اشارہ پر مرشد آباد ڈی آئی جی کو ہٹایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج بھی صرف بی جے پی کی ہدایت پر مرشد آباد ڈی آئی جی کو بدل دیا گیا۔ اب اگر مرشد آباد اور مالدہ میں فساد ہوتے ہیں تو ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہوگی۔ بی جے پی فساد اور تشدد بھڑکانے کے لیے پولیس افسران کو بدلنا چاہتی تھی۔ اگر ایک بھی فساد ہوتا ہے تو اس کے لیے انتخابی کمیشن ذمہ دار ہوگا کیونکہ وہ یہاں نظام قانون کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔‘‘


ٹی ایم سی چیف ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ 55 دن تک الیکشن کمیشن دفتر کے باہر بھوک ہڑتال بھی کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر میں (سنگور میں اراضی قبضہ مخالف کارکردگی کے دوران) کسانوں کے لیے 26 دنوں تک بھوک ہڑتال کر سکتی ہوں، تو میں آپ کے دفتر کے باہر 55 دنوں تک بھوک ہڑتال بھی کر سکتی ہوں۔‘‘

ممتا بنرجی نے اپوزیشن لیڈروں کو جیل بھیجنے کی دھمکی دینے کے لیے بی جے پی کی شدید تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں دیکھوں گی کہ آپ کے پاس کتنی جیلیں ہیں۔ آپ کے پاس کتنے پولیس اہلکار ہیں؟ آپ کتنے لوگوں کو پیٹیں گے؟ مجھ پر کئی بار حملہ ہوا ہے، مجھے پتہ ہے کہ کیسے لڑنا ہے۔ میں بزدل نہیں ہوں۔‘‘


اس سے قبل کوچ بہار میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے انکم ٹیکس افسران کو ان ہیلی کاپٹر کی جانچ کرنے کا چیلنج پیش کیا جن کا استعمال انتخابی تشہیر کے لیے بی جے پی لیڈران کر رہے ہیں۔ ممتا بنرجی کا یہ بیان ٹی ایم سی کے اس دعویٰ کو لے کر پیدا تنازعہ کے بعد آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی لیڈر ابھشیک بنرجی کے ذریعہ استعمال کیے گئے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنا کر انکم ٹیکس افسران کے ذریعہ چھاپہ مارا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’انکم ٹیکس افسران نے چھاپہ ماری کی اور ٹرائل رَن سے پہلے ابھشیک بنرجی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی، لیکن کچھ نہیں ملا۔ ان انکم ٹیکس افسران نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس خبر تھی کہ ہیلی کاپٹر میں پیسہ اور سونا ہے، لیکن انھیں کچھ نہیں ملا۔ ہم اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہتے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ بی جے پی ہے جو اس طرح کی چیزوں میں شامل ہے۔ لیکن کیا مرکزی ایجنسی کے افسران کبھی بی جے پی لیڈران کے ہیلی کاپٹر کی جانچ کرنے کی ہمت کریں گے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔