ممتا الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گی

ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے اپیل کریں گی کہ وہ الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ جانے کے لئے متحد ہوں۔

تصویر آئی اے این ایس 
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اتوار کے روز کہا ہےکہ وہ الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گی۔ محترمہ بنرجی نندی گرام اسمبلی سیٹ سے ہار گئی ہیں جبکہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس نے ریاست میں ایک بڑی کامیابی درج کی ہے اور وہ تیسری بار اقتدار سنبھالنے کے لئے تیار ہیں۔

محترمہ بنرجی نے میڈیا سے خطاب کے دوران ترنمول کانگریس کو مغربی بنگال میں تیسری بار اقتدار میں لانے پر ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان نے ترنمول کانگریس کو اسمبلی کے لئے منتخب کیا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مسترد کردیا ہے۔


محترمہ بنرجی نے نندی گرام میں بی جے پی کے امیدوار شوویندو ادھیکاری سے 1957 ووٹوں سے شکست کے بعد کہا ’’نندی گرام کے بارے میں پریشان نہ ہوں۔ میں نے ایک تحریک چلاتے ہوئے نندی گرام کے لئے جدوجہد کی۔ نندی گرام کے عوام جو بھی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں اسے کرنے دیں۔ میں اسے قبول کرتی ہوں۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں ،بس حقیقت یہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) الیکشن ہار گئی ہے۔

اس سے قبل یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ محترمہ بنرجی 1200 ووٹوں سے جیت گئی ہیں۔بعدازاں ، الیکشن کمیشن نے کہا کہ نندی گرام سے بی جے پی کے امیدوار شویویندو ادھیکاری 1957 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے۔


محترمہ بنرجی نے کہا کہ وہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے اپیل کریں گی کہ وہ الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ جانے کے لئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس بات پر غور کرنا چاہئے کہ آئینی ادارہ کو اس طرح کام نہیں کرنا چاہیے۔

وزیر علی نے مرکزی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست کے لوگوں کو کووڈ ۔19 ویکسین مفت دی جائے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ وبا کے باعث فتح ریلی نہیں نکالیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت پر بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں ایک بڑا جشن منایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔