ممتا بنرجی نے پی ایم مودی کو پھر لکھا خط، کورونا کے سنگین حالات کو لے کر کیا متنبہ
خط میں ممتا نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں ٹیکے کی فراہمی نہیں بڑھائی گئی تو کووڈ وبا کی حالت سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت بنگال کو تقریباً 14 کروڑ خوراک کی ضرورت ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مرکزی حکومت کے ذریعہ ٹیکہ فراہمی میں اضافہ نہ کیے جانے کو لے کر انتہائی متفکر ہیں اور انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر کورنا کے سنگین حالات کا اندیشہ ظاہر کیا ہے اور متنبہ کیا ہے کہ اگر ٹیکہ فراہمی میں اضافہ نہیں کیا گیا تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر اس سلسلے میں گزارش کی تھی اور کہا تھا کہ مغربی بنگال کو زیادہ تعداد میں کورونا کے ٹیکے فراہم کیے جائیں۔
تازہ خط میں ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں ٹیکے کی فراہمی نہیں بڑھائی گئی تو کووڈ وبا کی حالت سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ انھوں نے نریندر مودی کو یہ بھی بتایا کہ بنگال کو اینٹی کووڈ-19 ٹیکے کی تقریباً 14 کروڑ خوراک کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران بھی کورونا ویکسین کی کمی کا ایشو اٹھایا تھا۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس کی جانکاری میڈیا کو بھی دی تھی۔ بنگال میں کورونا کے حالات ایک بار پھر خراب نہ ہو جائیں، اس سلسلے میں ممتا بنرجی نے آج ایڈوائزری گلوبل بورڈ کی میٹنگ بھی کی۔ اس میٹنگ میں نوبل انعام یافتہ ابھجیت بنرجی بھی موجود رہے۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال کے آخر میں درگا پوجا کی چھٹیوں کے بعد ایک ایک دن کے فرق پر اسکولوں کو پھر سے کھولنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔