کوچ بہار واقعہ میں ہلاک افراد کے اہل خانہ سے ممتا بنرجی کی گفتگو، ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی

ویڈیو کانفرنسنگ میں ممتا نے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی۔

ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
ممتا بنرجی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: الیکشن کمیشن کے ذریعہ کوچ بہار میں مرکزی سیکورٹی فورسیس کی فائرنگ میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد کسی بھی سیاسی لیڈروں کے جانے پر پابندی عاید کیے جانے کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے متاثرین کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے قبل سلی گوڑی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ یہ واقعہ سازش کا نتیجہ ہے۔ اس کے پیچھےامت شاہ شامل ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمیں کوچ بہار جانے سے روکا گیا ہے۔ خیال رہے کہ فائرنگ کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کوچ بہار جانے پر روک لگا دی ہے۔ واقعہ کے فوری بعد ممتا بنرجی نے کوچ بہار جانے کا اعلان کر دیا تھا۔


ویڈیو کانفرنسنگ میں ممتا نے مہلوکین کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی یقین دہانی کرائی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس واقعے سے متعلق کوئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے؟ اس پر شک کا اظہار کرتے ہوئے ممتا نے کہا کہ پولیس اس معاملے کو الگ سمت دے سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 اپریل کو وہ کوچ بہار جائیں گی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کریں گی۔

خیال رہے کہ مغربی بنگال کے کوچ بہار میں پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ میں چارافراد کی موت ہوگئی ہے۔ مرکزی فورسیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فائرنگ مجبوری میں کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ ہنگامہ آرائی غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت منیرالزمان، حمید میاں، چمن الحق اور نور عالم میاں کے طور پر ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔