ممتا حکومت ہندو مخالف: جے پی نڈا

جے پی نڈا نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پورا ملک ایودھیا میں رام مندر کے سنگ بنیاد کو ”بھومی پوجن“ دیکھ رہے تھے اور جشن منارہے تھے اس وقت ممتا حکومت نے 5 اگست کو ریاست بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا

بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کلکتہ: بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈ نے آج ممتا بنرجی کی قیادت والی مغربی بنگال حکومت کو ہندو مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”اقلیتوں کی خوشامد“ کے لئے ہندؤں کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ ایک ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ممتا حکومت نے مرکز کی فلاحی اسکیموں سے فائدہ حاصل کرنے سے ریاست کے عوام کو روک دیا ہے۔

مغربی بنگال بی جے پی یونٹ کے ایگزیکٹیو میٹنگ سے ویڈیو کانفرنسنگ سے خطاب کرتے ہوئے جے پی نڈا نے ترنمول کانگریس کی قیادت والی حکومت کو بدعنوان قرار دیا اور کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور کی وراثت کو بھی ترنمول کانگریس کے زمین مافیا نہیں چھوڑ رہے ہیں اور وشو بھارتی یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


جے پی نڈا نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب پورا ملک ایودھیا میں رام مندر کے سنگ بنیاد کے موقع پر ”بھومی پوجن“ دیکھ رہے تھے اور جشن منارہے تھے اس وقت ممتا حکومت نے 5اگست کو ریاست بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا جب کہ بقرعید کے پیش نظرلاک ڈاؤن کو واپس لیا گیا۔ اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ ممتا حکومت کی ذہنیت ہندو مخالف ہے۔

جے پی نڈا آج بی جے پی کی نو تشکیل شدہ ریاستی ایگزیکٹیو کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممتا حکومت بنگال میں قتل و غارت کی سیاست کرتی ہے اور اب تک 100سے زائد بی جے پی ورکروں کا قتل ہوچکا ہے اس کے باوجود ممتا حکومت جمہوریت کی چمپئن بنتی ہے۔


جے پی نڈا نے کہا کہ نریندر مودی نے دنیا کو دکھایا ہے کہ کورونا وائرس سے کیسے مقابلہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ آیوش مان بھارت اسکیم سے غریب لوگوں کو 5 لاکھ روپے ہیلتھ انسورنش مل رہا ہے مگر ممتا حکومت نے اس کو روک کر ریاست کے 4.57 کروڑ شہریوں کو محروم کردیا ہے۔

جے پی نڈا نے کہا کہ 2011 میں ہم نے صرف 2 فیصد ووٹ حاصل کیا تھا، 2014 میں 18فیصد اور 2019 میں چالیس فیصد ووٹ حاصل کیا ہے۔ ہم اسی رفتار سے ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کریں گے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ ممتا حکومت نے کسانوں کو بھی مرکزی اسکیم سے محروم کر دیا ہے۔جب کہ ملک بھر کے کسانوں کو مرکز کی فلاحی اسکیمو ں سے فائدہ مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔