آٹھ گھنٹے سے زائد کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو اضافی معاوضہ، ممتا بنرجی کا اعلان
وزیرا علیٰ نے کہا کہ طوفان سے متاثر علاقے میں راحت بچاؤ میں مشغول سرکاری افسران 8 گھنٹے سے زائد 12 گھنٹے تک کام کر رہے ہیں۔ حکومت ایسے ملازمین کو اضافی معاوضہ دے گی
کولکاتا: ’بلبل‘ طوفان متاثرین تک راحت رسانی کو اپنی ترجیح بتاتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے راحت رسانی مہم میں 8 گھنٹے سے زاید وقفے تک کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو اضافی معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بشیر ہاٹ میں انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اس کا اعلان کیا ہے۔
وزیرا علیٰ نے میٹنگ کے بعد ’بلبل‘ طوفان سے متاثرہ علاقہ کا بھی دورہ کیا۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ طوفان سے متاثر علاقے میں راحت بچاؤ میں مشغول سرکاری افسران 8 گھنٹے سے زائد وقفے 12 گھنٹے تک کام کر رہے ہیں۔ حکومت ایسے ملازمین کو اضافی معاوضہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم طوفان سے متاثرین کے ساتھ ہیں۔
بشیر ہاٹ کے علاقے میں بلبل طوفان سے پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ مہلوکین کے اہل خانہ کو 2لاکھ روپے بطور مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کولکاتا میں بیٹھ کر طوفان کی بربادی کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں مجموعی طور پر ایک لاکھ ایکڑ زمین تباہ ہوگئی ہے۔ ایک ملین مکانات اور عمارتیں منہدم ہوئی ہیں۔ جلد سے جلد ان مکانات کی دوبارہ تعمیر کی کوشش کی جائے گی۔ کھیتوں میں جمع پانی نکالنے میں ریاستی حکومت کسانوں کی مدد کرے گی۔
موبائل ہیلتھ ٹیم کو وزیر اعلیٰ نے گاؤں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک لاکھ 8 ہزار افراد کو راحت کیمپ میں رکھا گیا ہے جو اپنے آپ میں بڑا کام ہے۔ انہیں گھر منتقل کرنے کیلئے تیزی سے کام ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بلبل طوفان پر سیاست نہیں کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست سے زیادہ متاثرین کی مدد کرنے اور ان تک ریلیف پہنچانے کا ہے۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی جن لوگوں کے مکانات منہدم ہوگئے ہیں انہیں اپنے گھروں میں پناہ دیں اور ان کی مدد کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔