ممتا کولکاتا کے ایس ایس کے ایم اسپتال میں داخل

ممتا بنرجی نےدعویٰ کیا ہےکہ چار لوگوں نے ان کے ساتھ دھکا مکی کی اور جب وہ مندر میں پوجا کرنے کے بعد لوٹ رہی تھیں تو ان پر حملہ کیا گیا۔

تصویر ٹویٹر ابھیشیک بینرجی
تصویر ٹویٹر ابھیشیک بینرجی
user

یو این آئی

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی بدھ کے روز انتخابی تشہیر کے دوران بائیں پیر میں چوٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئیں جس کے بعد انہیں کولکاتا کے ایس ایس کے ایم اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اس حادثے کے سلسلے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے خصوصی پولیس مشاہد، وویک دوبے نے کہا کہ محترمہ بنرجی کے علاج کے لیے ایس ایس کے ایم اسپتال کی جناب سے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔


حالانکہ محترمہ بنرجی نے الزام عائد کیا کہ انھیں کسی نے دھکا دیا ہے جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چار لوگوں نے ان کے ساتھ دھکا مکی کی اور جب وہ مندر میں پوجا کرنے کے بعد لوٹ رہی تھیں تو ان پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے سینے میں درد ہونے کی شکایت بھی کی۔

محترمہ بنرجی نے کہا،’میں اپنی کار کے باہر کھڑی تھی جس کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔ میں پوجا کرنے کی غرض سے ایک مندر جا رہی تھی۔ کچھ لوگ میری کار کے پاس آئے اور انہوں نے دروزے کو ڈھکیلا۔ کار کا دروازہ میرے پیر پر آ لگا‘۔


اس حادثے کے بعد وزیراعلیٰ کی سکیورٹی کے حوالے سے سوال کھڑے کیے جا رہے ہیں۔ محترمہ بنرجی کے پاس زیڈ پلس کی سکیورٹی ہے۔ مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) پی نیرجنیَن نے اس معاملے میں مشرقی مدنا پور کے پولیس افسر سے رپورٹ طلب کی ہے۔

مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ نے اسپتال کا دورہ کرکے محترمہ بنرجی کی عیادت کی۔ اسپتال میں موجود افراد نے گورنر کو دیکھتے ہی ’گو بیک‘ ’گو بیک‘ کے نعرے لگائے۔


وویک دوبے نے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ہی تفتیش کی جائے گی۔ ریاست کے چیف الیکٹورل افسر نے حادثے کی بابت تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس کی معلومات دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Mar 2021, 6:11 AM