پنڈت جواہر لال نہرو کی برسی پر ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی و راہل گاندھی کا خراج عقیدت
کھڑگے نے کہا کہ پنڈت نہرو جمہوریت کے لیے وقف، آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور ہمارے لیے باعث تحریک ہیں۔ ان کے بغیر ملک کی تاریخ نامکمل ہے۔ ’ہند کے جواہر' کو ان کی برسی پر ہمارا عاجزانہ خراج عقیدت۔
ملک کے اولین وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 60 ویں برسی کے موقع پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے خراج عقیدت پیش کیا۔ پنڈت نہرو کی سمادھی ’شانتی ون‘ پر یہ لیڈران حاضر ہوئے۔ اس موقع پر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ میں پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی موثر قیادت اور مضبوط فیصلوں سے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔
کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ جدید ہندوستان کے معمار پنڈت جواہر لال نہرو نے اپنے بے مثال کردار سے ہندوستان کو سائنسی، اقتصادی، صنعتی اور مختلف شعبوں میں آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت نہرو جمہوریت کے لیے وقف، آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم اور ہمارے لیے باعث تحریک ہیں۔ ان کے بغیر ہندوستان کی تاریخ نامکمل ہے۔ ’ہند کے جواہر' کو ان کی برسی پر ہمارا عاجزانہ خراج عقیدت۔
ملک کی جدیدیت، ترقی اور اتحاد کے لیے پنڈت نہرو کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے کہا تھا کہ ملک کی حفاظت، ملک کی ترقی، ملک کا اتحاد ہم سب کا قومی مذہب ہے۔ ہم مختلف مذاہب کی پیروکار ہو سکتے ہیں، مختلف ریاستوں کے باشندے ہوسکتے ہیں، مختلف زبانیں بولنے والے ہوسکتے ہیں لیکن اس سے ہمارے درمیان کوئی دیوار نہیں بننی چاہیے۔ تمام لوگوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے ملک میں کچھ لوگ بہت امیر ہوں اور زیادہ تر لوگ غریب ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی کانگریس پارٹی 'انصاف' کے اسی راستے پر چل رہی ہے۔
اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ جدید ہندوستان کے معمار اور ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی پر خراج عقیدت۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی، جمہوریت کے قیام، سیکولرازم اور آئین کی بنیاد رکھ کر ہندوستان کی تعمیر کے لیے وقف کر دی۔ ان کی اقدار سے ہمیشہ ہمیں رہنمائی ملتی رہے گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پلیٹ فارم پر پنڈت جواہر لال نہرو سے متعلق ایک مختصر سی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ جدید ہندوستان کی تعمیر میں پنڈت جواہر لال نہرو کی جمہوری و ترقی پسند اقدار کا بہت بڑا حصہ ہے۔ ہم انہیں اقدار کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر لے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔