جموں و کشمیر انتخابات: ملکارجن کھڑگے کی ریاستی درجہ بحالی کی یقین دہانی، بی جے پی اور امت شاہ پر تنقید

ملکارجن کھڑگے نے جموں میں بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیے 7 اہم وعدے کیے، جن میں ریاستی درجہ کی بحالی سر فہرست ہے۔ انہوں نے ذات پر مبنی مردم شماری اور او بی سی حقوق پر بھی زور دیا۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب</p></div>

ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

جموں: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ہفتہ کے روز جموں پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی امیدوار اور جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بی جے پی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر شدید تنقید کی۔

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا، ’’بی جے پی کا جھوٹ بولنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ ہم نے جموں و کشمیر کے عوام کے لیے سات اہم وعدے کیے ہیں، جن میں سب سے بڑا وعدہ ریاستی درجہ کی بحالی ہے اور ہم اس کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’لوک سبھا انتخابات کے دوران ہم نے ذات پر مبنی مردم شماری کا وعدہ کیا تھا اور یہاں بھی ہم ذات پر مبنی بنیاد پر مردم شماری کرائیں گے۔ اس کے ذریعے او بی سی (پسماندہ طبقات) کے حقوق کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کا بھرپور فائدہ پہنچے۔‘‘

بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا، ’’بی جے پی کے لوگ جھوٹے دعوے کرتے ہیں کہ ہم ذات کی بنیاد پر ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ جھوٹے دعوے کرنے میں وزیر داخلہ (امت شاہ) سب سے آگے ہیں، جو بعد میں اپنے دعوؤں کو ’جملہ‘ قرار دیتے ہیں۔ کانگریس کے تمام وعدے حقیقت پر مبنی ہیں اور ہم انہیں پورا کریں گے۔‘‘


جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کھڑگے نے کہا، ’’بی جے پی دعویٰ کرتی ہے کہ ریاست میں امن ہے لیکن واقعات اب بھی پیش آ رہے ہیں۔ آپ نے جموں و کشمیر کے لیے کیا کیا؟ ان کے پاس ان سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس کوئی ٹھوس ایجنڈا ہے۔ بی جے پی کے رہنما ہمارے قائدین کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں لیکن وزیر اعظم مودی خاموش ہیں۔‘‘

کھڑگے نے مزید کہا، ’’بی جے پی کے لوگ آزادی کے وقت بھی چھپے رہے، جبکہ ہمارے رہنماؤں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ گاندھی جی، اندرا گاندھی، اور راجیو گاندھی کی قربانیاں اس بات کی گواہ ہیں کہ کانگریس نے ملک کی تعمیر میں کتنی محنت کی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی معیشت سیاحت پر منحصر ہے اور کانگریس سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ کھڑگے نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس اس بار انتخابات میں امید سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔