اتر پردیش: کاسگنج میں اندوہناک سڑک حادثہ، عقیدتمندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں گری، 15 افراد ہلاک
کاسگنج کے پٹیالی-دریاوگنج راہ پر صبح کے وقت کچھ عقیدتمند گنگا اَسنان کرنے جا رہے تھے، اسی دوران ایک کار سامنے آنے سے ٹریکٹر ڈرائیور بے قابو ہو گیا اور ٹریکٹر ٹرالی ایک تالاب میں جا گری۔
اتر پردیش کے کاسگنج میں آج ایک انتہائی اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق عقیدتمندوں کو گنگا اَسنان (غسل) کے لیے جا رہی ایک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر تالاب میں جا گری۔ اس حادثہ میں کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ سبھی افراد قادر گنج گنگا گھاٹ جا رہے تھے۔ پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کا عمل جاری ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کاسگنج کے پٹیالی-دریاوگنج راہ پر صبح کے وقت کچھ عقیدتمند گنگا اَسنان کرنے کے لیے جا رہے تھے۔ اسی دوران ایک کار سامنے آ گئی جس سے ٹریکٹر ڈرائیور کا کنٹرول گاڑی پر سے ختم ہو گیا اور ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں جا گری۔ حادثہ پیش آتے ہی آس پاس موجود لوگ مدد کے لیے دوڑے۔ کئی زخمیوں کو مقامی ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی میں تقریباً 25 افراد سوار تھے جن میں سے 10 لوگوں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی۔ 5 لوگوں کی علاج کے دوران موت ہونے کی اطلاع مل رہی ہے۔ مہلوکین میں سات بچے اور آٹھ خواتین شامل ہیں۔ کچھ دیگر زخمیوں کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔ اس حادثہ کے بعد مہلوکین کے اہل خانہ میں غم و اندوہ کا ماحول پھیل گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔