دہلی پولیس میں ردوبدل، اسپیشل سی پی دھالیوال کا انڈمان ٹرانسفر، خاتون آئی پی ایس کا بھی تبادلہ

وزارت داخلہ نے انڈمان نکوبار جزائر کے ڈی جی پی دیویش سریواستو کو دہلی طلب کر لیا ہے۔ وہیں، دہلی پولیس میں اسپیشل سی پی کرائم شالنی سنگھ کو پڈوچیری کی ڈی جی پی مقرر کیا گیا ہے

دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
دہلی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے جمعرات (24 جولائی) کو دہلی پولیس میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا۔ وزارت داخلہ نے انڈمان نکوبار جزائر کے ڈی جی پی دیویش سریواستو کو دہلی طلب کر لیا ہے۔ وہیں، دہلی پولیس میں اسپیشل سی پی کرائم شالنی سنگھ کو پڈوچیری کی ڈی جی پی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ یکم اگست سے چارج سنبھالیں گی۔ دہلی ٹریفک پولیس کے اسپیشل سی پی ہرگوبندر سنگھ دھالیوال کو ڈی جی پی انڈمان نکوبار بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مرکزی حکومت وقتاً فوقتاً دہلی پولیس میں تبدیلیاں کرتی رہتی ہے۔ جب کسی افسر کو دوسری ریاست میں بھیجنا ہوتا ہے تو اس حوالہ سے سرکلر جاری کر دیا جاتا ہے۔ کئی بار کچھ آئی پی ایس افسران کو پروموشن کے ساتھ دوسری ریاستوں میں خدمات انجام دینے کے لیے بھیجا جاتا ہے، جب کہ بعض مواقع پر دوسری ریاستوں کے پولیس افسران کا تبادلہ دہلی پولیس میں کام کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس بار تبادلوں کی وجوہات کیا ہیں۔


اس سے قبل اس سال جنوری میں بھی دہلی پولیس میں بڑے پیمانے پر ردوبدل دیکھی گئی تھی۔ دہلی پولیس کے اعلیٰ حکام اور انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) دہلی کے کل 27 افسران، اسپیشل کمشنر آف پولیس (اسپیشل سی پی) اور انڈمان اور نیکوبار جزائر پولیس سروس کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کو نئے رول تفویض کیے گئے تھے۔ یہ ردوبدل دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے حکم کے بعد ہوا ہے۔

جنوری میں ہی 1996 بیچ کی آئی پی ایس آفیسر شالنی سنگھ کو دہلی پولیس کی نئی کرائم برانچ چیف بنایا گیا تھا۔ اب ان کا تبادلہ پڈوچیری کی ڈی جی پی کے طور پر کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی جانکاری رکھنے والے سینئر پولیس افسران نے کہا تھا کہ ستمبر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد جنوری میں یہ تبدیلی کی گئی تھی۔ یہ ایک معمول کی تبدیلی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔