اہم اپوزیشن پارٹیوں نے کورونا بحران پر پی ایم مودی کو خط لکھ کر کیے 9 مطالبات
ہندوستان کی 12 اپوزیشن پارٹیوں نے کورونا بحران پر پی ایم مودی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا ہے کہ مرکز کی غلطیوں میں جائے بغیر ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے کچھ مشورے ہیں جن پر عمل کیا جانا چاہیے۔
ہندوستان پر کورونا وائرس کے زبردست قہر کو لے کر کانگریس سمیت ملک کی اہم اپوزیشن پارٹیوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں اپوزیشن پارٹیوں نے مفت ٹیکہ کاری، سنٹرل وِسٹا پروجیکٹ کو بند کرنے اور کمزور طبقہ کو 6 ہزار روپے ماہانہ معاشی مدد دینے جیسے 9 مشورے دیے ہیں اور فوری اس پر جنگی سطح سے عمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ہندوستان میں کورونا وبا کے زبردست بحران اور سرکاری انتظامات کے بدحال ہونے پر پی ایم مودی کو لکھے اپنے کھلے خط میں اپوزیشن لیڈروں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی بھول اور غلطیوں میں جائے بغیر، جس نے ملک کو ان مشکل حالات میں پہنچایا ہے، ہماری رائے ہے کہ اس بحران سے باہر نکلنے کے لیے درج ذیل ترکیبوں پر جنگی سطح سے عمل شروع کیا جائے۔
اپوزیشن پارٹیوں کے 9 مطالبات اس طرح ہیں:
گھریلو بازار یا بیرون ممالک سے، جہاں سے بھی ممکن ہو ویکسین خریدی جائے۔
پورے ملک میں فوری مفت اور یونیورسل ٹیکہ کاری مہم چلائی جائے۔
گھریلو ویکسین مینوفیکچرنگ کو بڑھاوا دینے کے لیے لازمی لائسنسنگ نافذ کی جائے۔
ویکسین کے لیے بجٹ میں الاٹ 35 ہزار کروڑ روپے جاری کیے جائیں۔
سنٹرل وِسٹا تعمیر کو روکا جائے اور اس کے لیے الاٹ پیسے کا استعمال ویکسین اور آکسیجن خریدنے میں کیا جائے۔
پی ایم کیئر اور سبھی پرائیویٹ فنڈ میں جمع سارے پیسے نکالے جائیں اور ان کا استعمال آکسیجن اور میڈیکل سامان خریدنے میں کیا جائے۔
سبھی بے روزگاروں کو کم از کم 6 ہزار روپے ماہانہ کی مدد دی جائے۔
سبھی ضرورت مندوں کو مفت میں اناج دیا جائے (مرکز کے گوداموں میں ایک کروڑ ٹن سے زیادہ اناج پڑا ہوا ہے)۔
زرعی قوانین کو واپس لیا جائے تاکہ لاکھوں اَن داتاؤں کو وبا کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے، جس سے وہ ملک کے لوگوں کے لیے اناج اُگانا جاری رکھ سکیں۔
خط پر کانگریس صدر سونیا گاندھی، جے ڈی ایس چیف ایچ ڈی دیوگوڑا، این سی پی چیف شرد پوار، شیوسینا چیف اُدھو ٹھاکرے، ٹی ایم سی چیف ممتا بنرجی، ڈی ایم کے چیف ایم کے اسٹالن، جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین، نیشنل کانفرنس لیڈر فاروق عبداللہ، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ اور سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے دستخط کیے ہیں۔
اس خط کے آخر میں اپوزیشن لیڈروں نے کہا ہے کہ حالانکہ یہ آپ کے دفتر یا حکومت کی عادت نہیں ہے، لیکن پھر بھی ہم ہندوستان اور ہمارے لوگوں کے مفادات میں ہمارے مشوروں پر آپ کے رد عمل کی تعریف کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔