جھارکھنڈ: دھنباد ریل ڈویژن میں افسوسناک حادثہ، ٹرین سے کٹ کر دو ریل اہلکاروں کی موت

دونوں ریل اہلکار پیٹرول مین کی شکل میں ڈیوٹی کر رہے تھے، اس دوران وہ 18623 ڈاؤن اسلام پور-ہٹیا ایکسپریس کی زد میں آ گئے، مہلوکین کی شناخت موہن کمار شرما اور راہل کمار کی شکل میں ہوئی۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دھنباد ریل ڈویژن کے سی آئی سی سیکشن میں گومو اور تیلو اسٹیشن کے درمیان دو ریل اہلکاروں کی ٹرین سے کٹ کر موت ہو گئی۔ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً چار بجے پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ دونوں ریل اہلکار پیٹرول مین کی شکل میں ڈیوٹی کر رہے تھے۔ اس دوران وہ 18623 ڈاؤن اسلام پور-ہٹیا ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔ مہلوکین کی شناخت موہن کمار شرما اور راہل کمار کی شکل میں ہوئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں ریل اہلکار بہار کے باشندے تھے۔ ان کی تعیناتی دھنباد ڈویژن کے چندرپورہ ڈیپو میں تھی۔ موہن کمار شرما سہرسہ اور راہل کمار ارول ضلع کے تحت کرتھا کے رہنے والے تھے۔ حادثہ پیش آنے کے بعد دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔


میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ راہل کمار اور موہن کمار ٹریک پیٹرولنگ کا کام کر رہے تھے۔ اس درمیان پلیا کے پاس کچھ خرابی کا پتہ چلنے کے بعد دونوں مل کر اس کو ٹھیک کرنے پہنچے۔ وہ دونوں اپنا کام کر ہی رہے تھے کہ اچانک ٹرین آ گئی اور دونوں ہی ریل اہلکار اس کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ کی خبر جب ریلوے افسران کو ملی تو فوراً جائے وقوع پر پہنچے۔ موہن اور راہل کی لاش دیکھ کر سبھی ریل اہلکار اور افسران حیرت میں رہ گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔