مدھیہ پردیش: ریوا میں دھند کے باعث بڑا حادثہ، طیارہ مندر سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک، ٹرینی زخمی
جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پائلٹ کیپٹن ومل کمار ٹرینی سونو یادو کو تربیت دے رہے تھے۔ طیارے نے جیسے ہی ٹیک آف کیا، وہ عمری گاؤں کے قریب بنے مندر کی چوٹی سے ٹکرا گیا
بھوپال: مدھیہ پردیش کے ریوا میں دیر رات گئے ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں ایک تربیت کے لئے استعمال کیا جانے والا طیارہ مندر کی چوٹی سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں موجود سینئر پائلٹ ویمل کمار اور ٹرینی پائلٹ سونو یادو کے شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو علاج کے لئے سنجے گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سینئر پائلٹ ویمل کمار نے دم توڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ پلٹن ٹریننگ کمپنی کا تھا اور حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 11:30 بجے پائلٹ کیپٹن ویمل کمار ٹرینی سونو یادو کو تربیت دے رہے تھے۔ طیارے نے جیسے ہی ٹیک آف کیا، وہ عمری گاؤں کے قریب بنے مندر کی چوٹی سے ٹکرا گیا۔ لوگوں کو زوردار دھماکہ کی آواز سنائی دی اور طیارے کا ملبہ چاروں طرف بکھر گیا۔
ریوا کے ایس نونیت بھسین نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کے مندر سے ٹکرانے سے پیش آنے والے حادثہ میں ایک پائلٹ کی موت ہو گئی، جبکہ دوسرے کا علاج چل رہا ہے۔ ہلاک ہونے والے پائلٹ کیپٹن ویمل کمار کی عمر 54 سال تھی اور وہ بہار کے شہر پٹنہ کے رہائشی تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔