مہاراشٹر: مسجد کی دیوار پر شرپسندوں نے لکھ دیا ’شری رام‘، پولیس نے 24 گھنٹے کے اندر گرفتاری کا کیا وعدہ
بیڈ ضلع میں مجلگاؤں کے مرکزی مسجد کی دیوار پر کسی شخص نے ’جئے شری رام‘ کا نعرہ لکھ دیا جس سے علاقے میں ماحول کشیدہ ہو گیا ہے، پولیس نے اس تعلق سے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
مہاراشٹر کے بیڈ ضلع میں ایک مسجد کی دیوار پر دوسرے طبقہ کا مذہبی نعرہ لکھے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس سے علاقے میں کشیدگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے یہ بدمعاشی کی ہے جس کی خبر ملتے ہی پولیس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ناراض لوگوں سے پولیس نے ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔
واقعہ 25 مارچ کا ہے جب بیڈ واقع مجلگاؤں کے مرکزی مسجد کی دیوار پر کسی شخص نے ’شری رام‘ لکھ دیا۔ جب اس پر مسلم طبقہ کی نظر پڑی تو وہ شدید ناراض ہوئے اور اس سلسلے میں پولیس سے شکایت کی۔ ایس ڈی پی او دھیرج کمار نے پیر کے روز اس سلسلے میں بیان بھی دیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’آج (25 مارچ) مہاراشٹر کے بیڈ میں ایک مسجد کی دیوار پر ’شری رام‘ نعرہ لکھا تھا۔ اس تعلق سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ملزمین کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘
دھیرج کمار کی ایک ویڈیو بھی اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں وہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’شام تقریباً 5 بجے کچھ سماج دشمن عناصر نے مسجد کی دیوار پر شری رام لکھ دیا۔ ہم نے دفعہ 295 (قصداً کسی عبادت والی جگہ کو نقصان پہنچانے یا ناپاک کرنے کے لیے) کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہم مجرم کا پتہ لگا رہے ہیں۔ ملزم کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔