مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو دفتر خالی کرنے کا نوٹس جاری!

ریاستی حج کمیٹی کو حج ہاﺅس کی تعمیر اور دفتر کے لیے جگہ مہیا کرائی جائے اور فوری طورپر بیت الحجاج میں دفتر کے لیے ایک منزل دے دی جائے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو دفتر خالی کرنے کے لیے محمد حاجی صابو صدیق مسافرخانہ کے انتظامیہ نے قانونی نوٹس دے دیا ہے کہ اس سو سال سے زیادہ پرانی عمارت کو از سر نو تعمیر کرنے لیے جلد از جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائیگا، اس لیے ریاستی حج کمیٹی فوری طورپر مسافرخانہ سے اپنا دفتر کسی اور مقام پر منتقل کرلے ،اس سلسلہ میں کمیٹی کے چیئرمین جمال صدیقی کو وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس دیا گیا ہے۔ اس کی تصدیق جمال صدیقی نے کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی طور پر فی الحال دفتر کو حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر حج ہاؤس میں منتقل کردیا جائے۔

جمال صدیقی نے کہا کہ حج کمیٹی ایکٹ میں ترمیم کے بعد 1990میں یہ طے کیا گیا کہ ریاستوں میں بھی حج کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ،مہاراشٹر میں بھی حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئی ہے اور صابو صدیق مسافر خانہ میں اس کا دفتر بنایا گیا ،لیکن ایکٹ کے تحت ریاستی حج کمیٹی کا ایک دفتر اور حج ہاؤس کی تعمیر بھی ہونا چاہئے تھا، یہ افسوس ناک امر ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اس مسئلہ پر توجہ نہیں دی اور صابو صدیق مسافرخانہ میں ہی دفتر کرایہ پر لے لیا گیا اور گزشتہ بیس سال سے وہیں واقع ہے۔حج ہاؤس بنانے کے لیے کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ صابو صدیق مسافر خانہ کے چیئرمین حاجی بشیر موسیٰ پٹیل نے نوٹس سے قبل بھی مسافر خانہ کی جگہ خالی کرنے کی درخواست دی تھی ،کیونکہ حاجی صابو صدیق مسافر خانہ غریبوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا ،پہلے حاجیوں کے لیے استعمال ہوتا تھا ،لیکن جب سے حج ہاؤس کی تعمیر مکمل ہوگئی ،تو حج کمیٹی آف انڈیا کا دفتر بیت الحجاج میں منتقل ہوگیا ہے ۔جمال صدیقی نے اس نوٹس کو ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو روانہ کردیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا گیا ہے ،ریاستی حج کمیٹی کو حج ہاﺅس کی تعمیر اور دفتر کے لیے جگہ مہیا کرائی جائے اور فوری طورپر بیت الحجاج میں دفتر کے لیے ایک منزل دے دی جائے۔ دراصل مسافر خانہ کی عمارت انتہائی خستہ حالت میں ہے اور اس کی جگہ دوسرا دفتر ہونا ضروری ہے۔

اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹی کے ممبر اعجاز دیشمکھ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر کے لیے فوری طورپر جگہ مہیا کرائی جائے ،اس کے ساتھ ساتھ ممبئی میں زیرتعمیر نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بھی حجاج کرام کے لیے خصوصی ٹرمنل کی سہولت کی جائے تاکہ وہ آسانی سے بیت الخلائ،وضو اور غسل کے فرائض اداکرسکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت اس تعلق سے جلد فیصلہ کرے گی اور حج کمیٹی دفتر جلد نئی جگہ منتقل کردیا جائے گا،فی الحال انہوں نے بھی بیت الحجاج میں دفتر کے لیے جگہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Sep 2019, 5:51 AM