مہاراشٹر کے انتخابات ملتوی ہوئے کیونکہ بی جے پی اپنے داخلہ سروے کے نتائج سے گھبرا گئی، روہت پوار کا دعویٰ

روہت پوار نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں تاخیر کے پیچھے حکومت کا دباؤ ہے اور کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی الیکشن میں 180 نشستیں حاصل کرے گی

<div class="paragraphs"><p>روہت پوار / ویڈیو گریب</p></div>

روہت پوار / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس-پارٹی شرد چندر پوار (این سی پی-ایس پی) کے رہنما روہت پوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ انتخابات میں تاخیر کے پیچھے اس کا ہاتھ ہے اور کہا کہ پارٹی داخلی سروے سے گھبرا گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے داخلی سروے میں بتایا گیا ہے کہ پارٹی 60 سے زیادہ سیٹیں نہیں جیتے گی، جس کی وجہ سے وہ انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کرنے پر مجبور ہو رہی ہے۔

روہت پوار نے کہا، ’’یہ واضح ہے کہ بی جے پی حکومت پر الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ انتخابات کشمیر کے ساتھ منعقد ہو سکتے تھے لیکن حکومت کے خوف کی وجہ سے انتخابات کو التوا میں ڈال دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات 26 نومبر سے آگے نہیں جا سکتے، اس لیے انتخابات 16 نومبر تک ہو سکتے ہیں لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت نے ایسا ماحول بنایا ہے کہ انتخابات ممکنہ طور پر دسمبر تک ملتوی ہو جائیں گے۔‘‘


روہت پوار نے مزید کہا کہ اگر انتخابات کو تاخیر کا شکار کیا گیا تو عوام کا بی جے پی پر اعتماد ختم ہو جائے گا اور شہری ان کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ سابق گورنر نے ایک اعتدال پسند کردار ادا کیا تھا، اس لیے انہیں انتخابات سے کافی پہلے ہٹا دیا گیا اور ایک نیا گورنر تعینات کیا گیا۔ پوار کا کہنا ہے کہ نئے گورنر، جو انتخابات کے قریب ہی تعینات ہوئے ہیں، ممکنہ طور پر آر ایس ایس یا بی جے پی کے سرکردہ رہنماؤں کے احکامات پر عمل کریں گے۔

پوار نے دعویٰ کیا کہ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) ریاست میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرے گی اور کم از کم 180 نشستوں فتح یاب ہوگی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ عوام ان کی جماعت اور اتحاد کی حمایت کریں گے اور حکومت سازی میں کامیاب ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔