مہاراشٹر سیاسی بحران: شرد پوار نے پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے پر کی سخت کارروائی، پارٹی سے نکالنے کا اعلان
شرد پوار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’این سی پی چیف کے طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لیے سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کے نام این سی پی کے ممبرس رجسٹر سے ہٹانے کا حکم دیتا ہوں۔‘‘
مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل ایک بار پھر تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ نیشنل کانگریس پارٹی یعنی این سی پی چیف شرد پوار نے پیر کے روز پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔ انھوں نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں کو ہی پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔
دراصل گزشتہ روز این سی پی سے بغاوت کر اجیت پوار کے ساتھ پرفل پٹیل اور سنیل تٹکرے نے بھی ایکناتھ شندے-بی جے پی حکومت کے ساتھ ہاتھ ملا لیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد این سی پی چیف شرد پوار بہت ناراض ہیں اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ غیر ذمہ دار پارٹی لیڈران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آج انھوں نے بذریعہ ٹوئٹ اس کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’این سی پی چیف کے طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لیے سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کے نام این سی پی کے ممبرس رجسٹر سے ہٹانے کا حکم دیتا ہوں۔‘‘
اس سے قبل پیر کی صبح ہی این سی پی نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اجیت پوار کی حلف برداری تقریب میں حصہ لینے والے پارٹی کے تین لیڈروں نریندر راٹھوڑ، وجئے دیشمکھ اور شیواجی راؤ گارجے کو برخواست کرنے کا اعلان کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔