مہاراشٹر: اذان کے وقت ہنومان چالیسا پر روک لگانے والے ناسک کے پولیس کمشنر کا تبادلہ

ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ناسک پولیس کمشنر دیپک پانڈے نے مارچ میں ہی ڈی جی پی کو خط لکھ کر ان کا تبادلہ ناسک شہر سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

آئی پی ایس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
آئی پی ایس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں لاؤڈاسپیکر تنازعہ کے درمیان گزشتہ دنوں ناسک کے پولیس کمشنر دیپک پانڈے نے حکم جاری کیا تھا کہ اذان کے وقت کسی کو بھی لاؤڈاسپیکر سے ہنومان چالیسا یا بھجن بجانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا اب ناسک سے تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ دراصل مہاراشٹر حکومت نے بدھ کے روز 40 سینئر افسروں کا تبادلہ یا پروموشن کیا ہے۔ اس فہرست میں ناسک پولیس کمشنر دیپک پانڈے کا نام بھی شامل ہے۔ ان کے نام پر سبھی کی توجہ اس لیے جا رہی ہے کیونکہ انھوں نے ناسک میں مسجدوں کے 100 میٹر کے دائرے میں اذان سے 15 منٹ پہلے اور بعد میں لاؤڈاسپیکر پر کوئی بھی مذہبی بھجن یا گانا نہ بجانے کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ دیپک پانڈے نے حال ہی میں ایک خط لکھ کر یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ اراضی مافیا کا گینگ ریونیو افسران کی مدد سے عام آدمی کو پریشان کر رہا ہے۔ اس خط کے برسرعام ہونے کے بعد وہ حکومت کے نشانے پر آ گئے تھے۔ بہرحال، دپک پانڈے کی جگہ اب جینت نایکنورے ناسک پولیس کمشنر ہوں گے۔ وہ ابھی ڈپٹی آئی جی پی (وی آئی پی سیکورٹی) تھے۔ دیپک پانڈے کو اسپیشل آئی جی بنا کر دوسری جگہ بھیجا گیا ہے۔ ایسی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پانڈے نے مارچ میں ہی ڈی جی پی کو خط لکھ کر ان کا تبادلہ ناسک شہر سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر میں ان دنوں لاؤڈاسپیکر معاملہ پر ہنگامہ برپا ہے۔ حال ہی میں ایم این ایس چیف راج ٹھاکرے نے مطالبہ کیا تھا کہ مہاراشٹر کی مسجدوں سے 3 مئی تک لاؤڈاسپیکر ہٹائے جائیں، یا پھر مسجدوں کے سامنے لاؤڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا بجایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔