مہاراشٹر حکومت یونیورسٹیوں کے امتحانات آن لائن منعقد کرانے کے لیے پوری طرح تیار

ریاستی وزیر ادے سامنت نے کہا کہ اگر تعلیمی اداروں کے مالکان لاک ڈاؤن کی مدت میں تعلیمی فیس لے رہے ہیں تو لوگوں کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سے اس معاملے کی شکایت کرنی چاہیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولہا پور: مہاراشٹر کے اعلی تعلیم و تکنیک کے وزیر ادے سامنت نے کہا کہ ریاستی حکومت یونیورسٹیوں کے آن لائن امتحانات کو بہتر طریقہ سے منعقد کرانےکے لئے پرعزم ہےاور امتحانات میں کوئی تکنیکی پریشانی پیدا نہیں ہوگی۔شیواجی یونیورسٹی کولہا پور کے انتظامیہ کے ساتھ آن لائن امتحانات پر جائزہ میٹنگ کے بعد سامنت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ممبئی یونیورسٹی کے آن لائن امتحانات میں پریشانی سے متعلق بتایا کہ کل پانچ لاکھ لوگوں نے یونیورسٹی کے پیج کھولنے کی کوشش کی تھی جس کے سبب پریشانی ہوئی۔لیکن حکومت نے آن لائن امتحانات کے لئے اب مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں اور اب کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں آئے گا کیونکہ منصوبہ بند طریقے سے امتحانات لیا جائے گا اور طلباء پر کوئی دباو بھی نہیں ہوگا۔

ادے سامنت نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے ہی ممبئی یونیورسٹی کو آن لائن امتحانات میں آنے والی تکنیکی دشواریوں کی جانچ کرنے کا حکم دے دیا ہے، اس سے متعلق سات روز کے اندر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ریاست میں کورونا وبا کا اب بھی اثر ہے اور ریاست میں کالجوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کالج کھولنے پر غورکیا جائے گا۔


ادے سامنت کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر اور کرناٹک ریاست کے درمیان متنازعہ سرحدی علاقہ کے طلباء کے لیے اس ضلع کے چاند گڑھ تحصیل کے شینولی گاوں میں ایک تعلیمی کمپلیکس جنوری 2021 سے کھلے گا اور لائبریری شروع کرنے کے لیے حکومت جلد ہی مناسب ضوابط بنائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ اگر تعلیمی اداروں کے مالکان لاک ڈاؤن کی مدت میں تعلیمی فیس لے رہے ہیں تو لوگوں کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن سے اس معاملے کی شکایت کرنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔