حکومتِ مہاراشٹر کا مفت ٹیکہ کاری کا اعلان اور ویکسین کی عدم دستیابی!

مہاراشٹر کے 18 سے 44 سال کے افراد کو یکم مئی سے مفت ٹیکہ فراہم کیا جائے گا، ریاستی وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ ٹیکہ کاری کے لئے بینادی ڈھانچہ موجود ہے لیکن مناسب تعداد میں ویکسین دستیاب نہیں

کورونا ویکسین / آئی اے این ایس
کورونا ویکسین / آئی اے این ایس
user

محی الدین التمش

ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے معاملات اور شرح اموات میں اضافے کے سبب ریاستی حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 15 مئی تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم مئی سے 18 سے 44 سال کے درمیان ریاست کے تمام شہریوں کو ریاستی حکومت مفت ویکسین فراہم کرے گی۔

ریاست کے پاس مناسب تعداد میں ویکسین نہیں

ادھر، مہاراشٹر کے وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس ویکسینیشن ڈرائیو کے لئے بینادی ڈھانچہ موجود ہے لیکن مناسب تعداد میں ویکسین موجود نہیں ہے۔ اہم سوال یہ ہے کہ ریاستی حکومت کے پاس اگر خاطر خواہ تعداد میں ویکسین موجود ہی نہیں تو یہ ٹیکہ کاری کس طرح کامیاب ہو سکے گی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ویکسین کی عدم فراہمی 18 سے 45 سال والوں کی مفت ٹیکہ کاری مہم میں رکاوٹ کا سبب بن سکتی ہے۔ راجیش ٹوپے نے مرکز کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت ریاست کو ضرورت کے مطابق ویکسین فراہم نہیں کر رہی ہے۔

مفت ویکسینیشن کے اعلان پر بی جے پی کی تنقید

بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر اتل بھٹکھالکر نے مفت ٹیکہ کاری کے حوالہ سے حکومتِ مہاراشٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ ٹھاکرے حکومت کا مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان ایک قسم کا دھوکہ ہے یہ ویکسین نجی اسپتالوں میں دستیاب ہوگی۔ اتل بھٹکھالکر نے کہا کہ مرکز سے ویکسین کی عدم دستیابی پر شکایت کی جا رہی ہے ریاستی حکومت پہلے یہ واضح کرے کہ کھلی مارکیٹ سے کتنی ویکسین خرید کر عوام کو مفت میں فراہم کی جائیگی ۔

ماہ رمضان میں افطاری کے بعد ٹیکہ کاری کا انتظام کرنے کا مطالبہ

سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں افطاری کے بعد بھی ٹیکہ کاری کا انتظام کیا جائے۔ ماہ رمضان میں مسلمان روزہ رکھتے ہیں اور اس حالت میں وہ ویکسین لگوانے سے اجتناب کرتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق خالی پیٹ ٹیکہ نہیں لگوانا چاہئے، اس لئے ریاستی حکومت افطاری کے بعد بھی ٹیکہ لگانے کا انتظام کرے۔

ٹیکہ کاری سے قبل بیداری ضروری

رضا اکیڈمی کے جنرل سیکریٹری سعید نوری نے مفت ٹیکہ کاری کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور ملک کے ہر شخص کو کورونا کا ٹیکہ لینا چاہئے۔ نیز، عوام میں کورونا ٹیکہ کے متعلق بیداری اور دلچسپی پیدا کرنے کے لئے حکومت خاص منصوبہ ترتیب دے تاکہ عوام کورونا ویکسین کی جانب راغب ہو سکے۔

’ٹیکہ کاری مراکز کے لئے منصوبہ کی جائے‘

مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے ریاست کی عوام کو مفت ویکسین فراہم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹیکہ کاری کے مراکز پر افرا تفری کو روکنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کی جائے۔

مہاراشٹر میں ایک دن میں 60 ہزار سے زیادہ کورونا کے معاملات

28 اپریل کو جاری ہونے والی ہیلتھ بلیٹن کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 63 ہزار تین سو نو نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور نو سو 85 مریضوں کی اموات درج درج کی گئی ہے۔ ریاست میں 42 ہزار سے زیادہ افراد ہوم کورنٹائن میں ہیں اور 31 ہزار ایک سو انساٹھ افراد انسٹی ٹیوشن کورنٹائن میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔