مہاراشٹر: مقروض کسان کی خودکشی، نریندر مودی کو ٹھہرایا ذمہ دار
مہاراشٹر میں فصلوں کے نقصان کی وجہ سے قرض میں ڈوبے ایک اور کسان نے خودکشی کر لی۔ مہلوک کسان نے سوسائڈ نوٹ میں اس کا ذمہ دار وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹھہرایا ہے۔
مہاراشٹر کے یاوتمال ضلع میں فصل کو پہنچے زبردست نقصان کی وجہ سے مقروض ایک کسان کی خودکشی کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ پولس کے مطابق مہلوک کسان کی شناخت ہو گئی ہے اور اس کا نام شنکر چائرے ہے۔ چائرے نے مبینہ طور پر زہریلا کیمیکل پی لیا تھا جس کے بعد علاج کے لیے یاوتمال لے جانے کے دوران راستے میں اس کی موت ہو گئی۔ کپاس کی فصل کو کیڑوں کے حملے سے ہوئے نقصان کو کسان کی خودکشی کا اصل سبب تصور کیا جا رہا ہے۔
مہلوک کسان کے پا سے ایک سوسائڈ نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔ یاوتمال کے پولس سپرنٹنڈنٹ راج کمار نے بتایا کہ پولس نے یہ نوٹ ضبط کر لیا ہے اور اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’’برآمد سوسائڈ نوٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لکھا ہے اور خودکشی کے لیے انھیں ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ لیکن ہم ابھی اس سوسائڈ نوٹ کی اصلیت اور موت کے اسباب کی جانچ کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے جس کے بعد مبینہ سوسائڈ نوٹ کی اصلیت کا پتہ لگایا جائے گا۔
یاوتمال کے ایس پی نے اس سلسلے میں بتایا کہ مہلوک شنکر چائرے نے مقامی قرض کو آپریٹیو کمیٹی سے 90 ہزار روپے اور ایک مقامی ساہوکار سے 3 لاکھ روپے قرض لے رکھا تھا۔ وہ یاوتمال ضلع کے گھتنجی تھانہ حلقہ میں آنے والے راجورواڑی گاؤں کا رہنے والا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے یاوتمال ضلع میں پہلے بھی کئی کسانوں نے خودکشی کی ہے اور اکثر یہاں سے کسانوں کے ذریعہ خودکشی کرنے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔