مہاراشٹر بحران: سماجوادی پارٹی فلور ٹیسٹ میں مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ، ابو عاصم اعظمی

مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر فلور ٹیسٹ کیا جاتا ہے تو رئیس شیخ اور وہ ادھو ٹھاکرے کی حمایت کریں گے

ابو عاصم اعظمی / ویڈیو گریب
ابو عاصم اعظمی / ویڈیو گریب
user

یو این آئی

ممبئی: مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ مہاراشٹر حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلور ٹیسٹ کیا جاتا ہے تو سماجوادی پارٹی کے 2 اراکین اسمبلی رئیس شیخ اور وہ خود ادھو ٹھاکرے کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کے لئے ہم مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ ہیں، لہذا یہ کہنا کہ سماجوادی پارٹی فلور ٹیسٹ سے غیر حاضر رہے گی غلط ہے۔

ابو عاصم نے کہا کہ جس طرح سے مہاراشٹر حکومت کو گرانے کی کوشش کی گئی وہ ایک سازش کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سپریم کورٹ نے فلور ٹیسٹ کا حکم نہیں دیا ہے اور معطلی کے معاملہ میں سماعت کے لئے 11 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے تو پھر فلور ٹیسٹ معطلی پر فیصلہ ہونے کے بعد ہی ہونی چاہئے، اس سے قبل فلور ٹیسٹ کرنا درست نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ بی جے پی اقتدار میں آنے کے لئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔ یہ اراکین اسمبلی کو ڈرا دھمکانے کے ساتھ ایجنسیوں کے ذریعے نشانہ بھی بنا سکتی ہے لیکن اراکین کو وفاداری کا ثبوت دینا چاہئے اگر آپ کی پارٹی اصولوں سے سمجھوتہ کر رہی ہے تو آپ اس سے استعفی دے کر تنہا الیکشن کا سامنا کریں، نہ کہ کسی دیگر پارٹی میں جا کر پارٹی کو نقصان پہنچائیں۔ ایسے حالات میں اگر زائد اراکین اسمبلی شیو سینا سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں تو پارٹی کمزور ہوئی ہے۔

ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ بی جے پی میں بدعنوان بھی پاک ہو جاتا ہے اس کے پاس ’واشنگ مشین‘ ہے جو داغ دھو دیتی ہے، اسی طرح نارائن رانے اور کرپا شنکر سنگھ نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔