فڑنویس کے آڈیو پر سیاسی اٹھا پٹخ شروع، شیو سینا آگ بگولہ
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا ایک آڈیو وائرل ہو رہا ہے جسے جمعہ کو اُدھو ٹھاکرے نے جلسہ عام میں سنایا۔ شیو سینا اس معاملے میں انتخابی کمیشن کو شکایت کرنے کا بھی ذہن بنا چکی ہے۔
’’کچھ بھی کرو، انتخاب جیتو، سام دام دنڈ بھید یعنی کسی بھی طریقے کو اختیار کرو، لیکن انتخاب جیتو۔‘‘ یہ اس آڈیو کا حصہ ہے جسے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا کہا جا رہا ہے اور یہ پال گھر لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب کے عین موقع پر سامنے آیا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ آڈیو وائرل ہو رہا ہے۔ شیو سینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے ایک جلسہ عام میں اس آڈیو کو سنایا۔
قابل ذکر ہے کہ 28 مئی کو مہاراشٹر کی پال گھر اور گودیا بھنڈارا لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ ان میں سے سب سے زیادہ پال گھر لوک سبھا انتخاب کو لے کر بحث ہو رہی ہے۔ اس سیٹ پر این ڈی اے کی معاون بی جے پی اور شیو سینا دونوں نے اپنے امیدوار اتارے ہیں اور آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ اس سیٹ کے لیے انتخابی تشہیر میں دونوں طرف سے زبانی جنگ عروج پر ہے۔
اسی درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا ایک آڈیو وائرل ہوا ہے جس میں فڑنویس سام دام دنڈ بھید یعنی کہ کسی بھی طریقے سے پال گھر انتخاب جیتنے کی بات اپنے کارکنان سے کہتے سنائی دے رہے ہیں۔ جلسہ عام میں آڈیو سنانے کے بعد شیو سینا مکھیا اُدھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر ووٹوں کو خریدنے کے لیے پیسے بانٹنے کا بھی الزام عائد کیا۔ اس آڈیو میں دیویندر فڑنویس ایک بی جے پی کارکن سے کہتے سنے جا سکتے ہیں کہ ’’میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ یہ انتخاب نہیں بلکہ زبردست جنگ ہے، جس کے خون میں بی جے پی ہے وہ خاموش نہیں بیٹھ سکتا۔ ہمیں دھوکہ دینے والوں کو جواب دینا ہے تاکہ انھیں پتہ چلے کہ بی جے پی کیا ہے۔ ہمیں کسی بھی طرح سے یہ انتخاب جیتنا ہے۔ سام، دام، دَنڈ بھید۔ جیسے بھی ہو انتخاب جیت کر دھوکے بازوں کو جواب دینا ہے۔‘‘
اس آڈیو کو پال گھر سیٹ سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ دراصل بی جے پی ممبر پارلیمنٹ چنتا منی وانگا کی موت کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔ بی جے پی نے یہاں سے راجندر گوِت کو میدان میں اتارا ہے تو شیو سینا نے چنتامنی وانگا کے بیٹے شری نواس وانگا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسی وجہ سے بی جے پی نے شیو سینا پر دھوکہ بازی کا الزام عائد کیا ہے۔
حالانکہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے کہ آڈیو میں آواز دیویندر فڑنویس کی ہی ہے۔ لیکن مراٹھی میں بولتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’’ہمارے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے۔ کچھ لوگ ہمارے وجود کو چیلنج دے رہے ہیں۔ وہ دوستوں کی طرح سلوک کرتے ہیں لیکن ہماری پیٹھ میں چھرا بھونک رہے ہیں اور ہمیں اس کا جواب دینا ہوگا۔ اگر کوئی ہمیں داداگری دِکھاتا ہے تو ہمیں ان پر جوابی حملہ کرنا چاہیے۔ انھیں یہ پتہ ہونا چاہیے کہ ہم اس سے بھی بڑے دادا ہیں۔ میں آپ کے پیچھے عزم کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘‘
پال گھر انتخاب سے متعلق شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ دیویندر فڑنویس آڈیو کلپ میں جو زبان استعمال کر رہے ہیں وہ دھمکی آمیز ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ گھمنڈ سے بھرے ہوئے ہیں۔ ہم نے سیاست میں دیکھا ہے کہ اقتدار میں آنے کے بعد کتا بھی خود کو شیر سمجھنے لگتا ہے۔‘‘
شیو سینا کے علاوہ کانگریس اور بہوجن وِکاس اگھاڑی نے بھی انتخابی کمیشن سے آڈیو کلپ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دھمکی ہے۔ لیکن بی جے پی نے اسے فیک آڈیو قرار دیا ہے۔ اخبار میں شائع بیان میں بی جے پی ترجمان گریش ویاس نے کہا کہ اس آڈیو کلپ میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔