مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہیلی کاپٹر کی ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ، خراب موسم بنی وجہ!

وزیر اعلیٰ شندے جمعہ کے روز ستارا ضلع میں اپنے آبائی گاؤں ڈیرے پہنچے تھے، وہ شام کو ہی ہیلی کاپٹر سے پورنے کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن کچھ ہی دیر بعد وہاں زوردار بارش شروع ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>ہیلی کاپٹر، علامتی تصویر</p></div>

ہیلی کاپٹر، علامتی تصویر

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے آج پرائیویٹ ہیلی کاپٹر میں سوار ہو کر پونے کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک اس کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ بتایا جا رہا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ لینا پڑا۔ بعد میں وزیر اعلیٰ شندے سڑک کے راستہ سے پونے کے لیے روانہ ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ شندے جمعہ کے روز ستارا ضلع میں اپنے آبائی گاؤں ڈیرے پہنچے تھے۔ بوقت شام وہ ہیلی کاپٹر سے پونے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی وہاں موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ ایسے موسم میں ہیلی کاپٹر کا سفر مشکل بھرا تھا، اس لیے کیپٹن کو ہیلی کاپٹر وادی کی طرف موڑنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ اس ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ ڈیرے میں کروائی گئی۔


اسپیشل ڈیوٹی آفیسر منگیش چیوٹے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ویڈیو پوسٹ کی ہے اور ساتھ ہی اس واقعہ کے تعلق سے جانکاری بھی دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اپنے آبائی گاؤں ستارا ضلع کے دورے سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پونے کی طرف اسسٹنٹ پربھاکر جی کالے، منگیش چیوٹے اور اسپیشل ورکنگ افسر کاولے کے ساتھ نکلے تھے۔ لیکن اچانک بادل چھا گئے اور تیز بارش شروع ہو گئی۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ہیلی کاپٹر بیک واٹر سے محض 15 فیٹ اوپر اتر آیا۔ کیا ہیلی کاپٹر کو آس پاس کے کسی کھیت میں اترنا چاہیے؟ پائلٹ ہم سے اس بارے میں پوچھ رہا تھا، لیکن چونکہ آس پاس کوئی زمین نہیں تھی اس لیے ہیلی کاپٹر کو ایک بار پھر پیچھے کی طرف موڑنا پڑا۔‘‘

چیوٹے نے اپنے پوسٹ میں وزیر اعلیٰ شندے کی صحت سے متعلق جانکاری بھی دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ہیلی کاپٹر ایک بار پھر اسی جگہ پر اترا جہاں سے اس نے پرواز بھری تھی اور ایکناتھ شندے گاڑی کے ذریعہ پونے کی طرف روانہ ہو گئے۔ مہاراشٹر کی 13 کروڑ عوام کی دعاؤں سے وزیر اعلیٰ اور ہم سبھی محفوظ ہیں۔