مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے دھڑے کے سینئر لیڈر سنجے راؤت کے خلاف مقدمہ درج
ٹھاکرے دھڑے کے لیڈر سنجے راؤت کے خلاف مہراشٹر کے تھانے میں بدھ 22 فروری کو ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر تھانے کی سابق میئر میناکشی شندے کی شکایت پر درج کی گئی
ممبئی: مہاراشٹر میں چل رہی سیاسی ہلچل کے درمیان سنجے راؤت کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے سنجے کے خلاف تھانے کی سابق میئر میناکشی شندے کی شکایت پر بدھ 22 فروری کو یہ ایف آئی آر درج کی ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے شندے دھڑے کو شیوسینا کا نام اور انتخابی نشان ’تیر کمان‘ فراہم کئے جانے کے بعد مہاراشٹر میں سیاسی بیان بازی کا دور جاری ہے۔ سنجے راؤت نے اس معاملہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلہ کے پیچھے سودے بازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے لئے 200 کروڑ روپے کا لین دین ہوا ہے۔
سنجے راؤت پر تھانے میں درج ہونے والے مقدمہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایکناتھ شندے کے بیٹے اور رکن پارلیمنٹ شریکانت شندے پر جان سے مارنے کی سازش کرنے کا الزام لگا کر انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔ کپورباواڑی پولیس تھانہ میں درج مقدمہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 211، 153 اے، 500، 501، 504، 505 (2) کا اطلاق کیا گیا ہے۔
قبل ازیں، ای ڈی کی جانب سے درج کئے گئے منی لانڈرنگ کے ایک معاملہ کے سلسلہ میں شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کو تین مہینے سے بھی زیادہ وقت کے لئے جیل میں رہنا پڑا تھا۔ اس کے بعد انہیں نومبر 2022 میں ضمانت ملنے کے بعد رہا کیا گیا۔ معاملہ کی سماعت کے دوران عدالت نے سنجے راؤت کو غیر قانونی طریقہ سے گرفتار کرنے پر پھٹکار بھی لگائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔