مہاراشٹر کابینہ کی توسیع دو مرحلے میں ہوگی، بی جے پی کو ملیں گی اہم وزارتیں!

کابینہ توسیع سے متعلق شیوسینا کے باغی گروپ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران نے مل کر مکمل خاکہ تیار کر لیا ہے، اس کے مطابق مہاراشٹر کابینہ میں بی جے پی کوٹہ سے 28 وزیر بنائے جائیں گے۔

ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
ایکناتھ شندے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے حکومت کی وداعی اور ایکناتھ شندے حکومت کے قیام کے بعد اب ریاستی کابینہ میں توسیع سے متعلق ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ ایکناتھ شندے نے بطور وزیر اعلیٰ اور دیویندر فڈنویس نے بطور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ اور رازداری کا حلف بھلے ہی لے لیا ہے، لیکن حکومتی سرگرمیاں ابھی شروع نہیں ہوئی ہیں۔ ریاست میں کئی ایسے ایشوز ہیں جن کو دیکھتے ہوئے جلد کابینہ توسیع کی ضرورت ہے۔ کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملات، موسلادھار بارش اور دیگر ایشوز کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ اراکین اسمبلی میں وزارتوں کی تقسیم جلد کی جائے گی۔ ذرائع کے حوالے سے کچھ میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کابینہ کی توسیع دو مراحل میں کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ پہلی توسیع صدارتی انتخاب سے پہلے ہونے کی امید ہے، جب کہ دوسری توسیع صدارتی انتخاب کے بعد ہوگی۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ توسیع سے متعلق شیوسینا کے باغی گروپ اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران نے مل کر مکمل خاکہ تیار کر لیا ہے۔ اس کے مطابق مہاراشٹر کابینہ میں بی جے پی کوٹہ سے 28 وزیر بنائے جائیں گے جن میں سے 8 ریاستی وزیر ہوں گے۔ بی جے پی کے حصے میں کئی اہم وزارتیں آنے کی بات کہی جا رہے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ، وزارت مالیات، پی ڈبلیو ڈی، وزارت توانائی، وزارت دیہی ترقی، وزارت کھیل وغیرہ بی جے پی کو ملیں گی۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں شیوسینا میں زبردست بغاوت کی وجہ سے ایم وی اے (مہا وکاس اگھاڑی) حکومت ختم ہو گئی۔ شیوسینا کے باغی لیڈر ایکناتھ شندے نے ادھو ٹھاکرے کے خلاف کھڑے ہوتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر لیا اور اپنی حکومت تشکیل دے دی۔ اب یہ لڑائی شروع ہو گئی ہے کہ اصلی شیوسینا ادھو ٹھاکرے کی ہے یا پھر ایکناتھ شندے کی۔ ادھو ٹھاکرے لگاتار ایکناتھ شندے کی دھوکہ بازی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور وسط مدتی انتخاب کرانے کا چیلنج بھی دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔