نوجوان کی موت کے بعد مراٹھا طبقہ مشتعل، مہاراشٹر بند کے دوران جگہ جگہ مظاہرے

ریزرویشن کا مطالبہ کر رہے مراٹھا طبقہ نے پانی میں ڈوب کر خودکشی کا اعلان کیا تھا، ایک نوجوان نے گوداوری ندی میں چھلانگ لگا کر جان دے دی۔ مشتعل مراٹھوں نے آج مہاراشٹر بند کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اورنگ آباد: مہاراشٹر میں ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر تحریک چلا رہے مراٹھا طبقہ کا احتجاج اس وقت مشتعل ہو گیا جب ایک نوجوان نے گوداوری ندی میں کود کر اپنی جان دے دی۔ اس واقعہ کے بعد سے مراٹھا طبقہ مزید مشتعل ہو گیا ہے اور آج مہاراشٹر بند کا اعلان کیا ہے۔

احتجاج کر رہے نوجوان نے پیر کے روز جس پل سے گوداوری میں کود کر جان دی تھی وہاں مراٹھا کرانتی مورچہ کے ارکان جمع ہو کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔

مراٹھا ریزرویشن کے حوالہ سے چلائی جا رہی تحریک کے دوران مظاہرہ کر رہے ایک نوجوان نے پیر کے روز خود کشی کی تھی۔ اورنگ آباد کے گنگاپور تعلقہ کے کانٹ گاؤں میں کاکا صاحب دتّاتریہ نامی 28 سالہ نوجوان نے مراٹھا کرانتی مورچہ کی مانگوں کے حمایت میں ندی میں کل دوپہر تین بجے چھلانگ لگادی۔ اسے تشویشناک حالت میں ندی سے نکالا گیا، دوران علاج اس کی موت ہو گئی۔

موصولہ اطلاع کےمطابق مراٹھا کرانتی مورچہ کی جانب سے گنگا پور تحصیل آفس میں دی گئی عرضداشت میں ’جل سمادھی‘ لئے جانے کا اشارہ دیا گیا تھا، لیکن انتظامیہ نے اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی، جس کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔ غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مراٹھا کرانتی مورچہ نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

مہاراشٹر میں آج بند کے سبب صوبے کے مختلف علاقوں میں لوگ پریشان ہو رہے ہیں۔ بند کی وجہ سے کئی مقامات پر لوگوں کو بسیں نہیں مل پا رہی ہیں۔ کئی مقامات پر سڑک جام کر دی گئی ہے جس کے سبب بسوں کا آپریشن متاثر ہوا ہے۔

مراٹھا تحریک میں تیزی آنے کے بعد فڑنویس حکومت کی مشکلیں بڑھ گئی ہیں۔ حکومت اس کوشش میں ہے کہ کسی طرح سے تحریک کو دبایا جائے۔ دریں اثنا گوداوری ندی میں کود کر جان دینے والے نوجوان کے لواحقین کے حق میں معاوضہ اور نوکری کا اعلان کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Jul 2018, 11:06 AM