مہاراشٹر: نونیت رانا کے عوامی جلسہ میں بھیڑ ہوئی مشتعل، نعرے بازی کے ساتھ خوب چلیں کرسیاں
ہنگامہ کے دوران کرسیاں نونیت رانا کی طرف بھی پھینکی گئیں جو ان کے باڈی گارڈ کو لگی۔ اس معاملے میں کھلّار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرا دی گئی ہے۔
مہاراشٹر کے امراوتی میں بی جے پی کی اسٹار تشہیر کار اور سابق رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کے عوامی جلسہ میں زبردست ہنگامہ ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ معاملہ ہفتہ کا ہے جب امراوتی ضلع کے دریا پور تعلقہ کے کھلّار میں ایک جلسہ میں ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اس دوران مشتعل لوگ ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے اور نعرے بازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ کچھ کرسیاں نونیت رانا کی طرف بھی پھینکی گئیں جو ان کے باڈی گارڈ کو لگی۔ ہنگامہ کے درمیان سیکوریٹی اہلکاروں نے نونیت رانا کو جلسہ گاہ سے بحفاظت باہر نکالا۔
بی جے پی رہنما نونیت رانا دریا پور سے یووا سوابھیمان پارٹی کے امیدوارکے لیے تشہیر کر رہی تھیں۔ ان کی تشہیر کے لیے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں کسی بات پر بحث چھڑ گئی، جس نے ہنگامہ کی شکل اختیار کرلی۔ اس کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنی شروع کردیں۔ اس کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
اس معاملے میں نونیت رانا کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کرا دی گئی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ اپنی ریلی میں تشدد کو دیکھتے ہوئے اپنے حامیوں کے ساتھ کھلّار پولیس اسٹیشن پہنچیں، جہااں ان کی شکایت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نونیت رانا امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ رہ چکی ہیں۔ روی رانا ان کے شوہر ہیں جو موجودہ ایم ایل اے ہیں۔ نونیت رانا نے شادی کے بعد سال 2014 میں لوک سبھا انتخاب میں این سی پی کے ٹکٹ پر امراوتی سے انتخاب لڑا تھا، لیکن وہ ہار گئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے 2019 کے انتخاب میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا جس میں انہیں کامیابی ملی تھی۔ حالانکہ 2024 کے لوک سبھا انتخبات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔