مہاراشٹر اسمبلی انتخاب: آر پی آئی کو اب تک نہیں ملی کوئی سیٹ، ناراض اٹھاولے نے کی دیویندر فڑنویس سے بات، خط بھی سونپا

رام داس اٹھاولے نے بات چیت کے سلسلے میں کہا ہے کہ دیوندر فڑنویس نے بی جے پی کوٹہ سے ایک سیٹ آر پی آئی کو دیے جانے کے علاوہ ایک ایم ایل سی سیٹ دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>رام داس آٹھولے (فائل)/ فیس بک</p></div>

رام داس آٹھولے (فائل)/ فیس بک

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ قریب آچکی ہے۔ پارٹی کے امیدواروں کی فہرست لگاتار جاری ہو رہی ہے۔ لیکن رام داس اٹھاولے کی پارٹی آر پی آئی کو مہایوتی کی طرف سے اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ملی ہے۔ اس سلسلے میں اٹھاولے نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی رہنما دیویندر فڑنویس سے بات چیت کی ہے اور انہیں ایک خط بھی سونپا ہے۔

ریپبلکن پارٹی آف انڈیا (آر پی آئی) 'مہایوتی' کا حصہ ہے اور رام داس اٹھاولے مرکز میں وزیر بھی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی پارٹی کو اہمیت نہیں دیے جانے وہ ناراض نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کو ایک بھی سیٹ نہیں مل رہی ہے، یہ ایماندار کارکنوں کی ایک پارٹی ہے۔ اب ہم نے دیویندر فڑنویس کو خط بھیج کر کہا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں جب بھی چرچا ہوئی ہمیں ایک بار بھی مدعو نہیں کیا گیا۔


اٹھاولے نے بتایا کہ انہوں نے 21 سیٹوں کی فہرست چندرکانت باون کُلے کو دے دی تھی، جس میں 4 سے 5 سیٹیں آر پی آئی کو ضرور ملنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب نامزدگی میں دو سے تین دن ہی باقی ہیں اور آر پی آئی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی ہے، یہ ہماری پارٹی اور سماج کے لیے بڑا دھچکا ہے۔

ویسے اٹھاولے نے دیویندر فڑنویس سے ہوئی بات چیت کو مثبت بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ بی جے پی کوٹہ سے ایک سیٹ آر پی آئی کو دی جائے گی جبکہ آر پی آئی کو ایک ایم ایل سی سیٹ دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

حالانکہ رام داس اٹھاولے نے 'مہایوتی' سے راستے الگ کرنے کے سوال پر کہا ہے کہ آر پی آئی ہمیشہ این ڈی اے کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے اور دلت، آدیباسی اور اقلیتوں سمیت سبھی طبقوں کے لیے کام ہو رہا ہے، اس لیے وہ این ڈی اے اور مہایوتی کے ساتھ رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔