مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: کانگریس نے 23 مزید امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی

کانگریس نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے 71 امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری فہرست میں 23 نئے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں ناگپور ساؤتھ اور ممبئی کی تین نشستیں شامل ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے اپنے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے، جس میں مزید 23 امیدواروں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب تک کانگریس کی جانب سے مجموعی طور پر 71 امیدواروں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ کانگریس کی پہلی فہرست میں 48 امیدوار شامل تھے، جبکہ دوسری فہرست میں نئے امیدواروں کے طور پر گریش پانڈو کو ناگپور ساؤتھ، شیکھر شندے کو وردھا، اور انیل مانگلکر کو یوتمال سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

اس فہرست میں خاص طور پر ممبئی کی تین نشستوں پر بھی توجہ دی گئی ہے۔ کانگریس نے ممبئی کی کاندولی ایسٹ سے کالو بڑھیلیہ، چارکوپ سے یشونت جے پرکاش سنگھ اور سائین کولی واڑا سے گنیش کمار یادو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ ان ناموں کے اعلان کے بعد مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی تیاریاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔


واضح رہے کہ دو روز قبل کانگریس نے اپنی پہلی فہرست جاری کی تھی جس میں پارٹی کے سینئر لیڈران جیسے نانا پٹولے اور سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان شامل تھے۔ پرتھوی راج چوہان کو کراڈ ساؤتھ اور سابق وزیر توانائی نیتن راؤت کو دوبارہ ناگپور نارتھ سے ٹکٹ دیا گیا تھا۔

نئی فہرست میں بھجبل سے راجیش تکارام، جلگاؤں سے سواتی واکیکر، ساونیر سے انوجا سنیل کیدار، بھنڈارا سے پوجا ٹھاکر، راہلی گاؤں سے بسنت پورکے، کامٹھی سے سریش بھوار، ارجنی سے دلیپ بنسوڈ اور بسئی سے وجے پاٹل کو بھی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اس طرح کانگریس کی طرف سے جاری ہونے والی دونوں فہرستوں میں اہم نشستوں پر نئے اور تجربہ کار رہنماؤں کو موقع دیا گیا ہے۔

مہاراشٹر میں انتخابات کے دوران مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں اسمبلی کی 288 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔