مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: بی جے پی کی 99 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری، دیویندر فڈنویس ناگپور ساؤتھ ویسٹ سے امیدوار

مہاراشٹر اسمبلی کی 288 نشستوں کی تقسیم کے تحت بی جے پی 188 نشستوں پر، ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا 70 نشستوں پر اور اجیت پوار کی زیرقیادت این سی پی 50 نشستوں پر انتخاب لڑے گی

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لئے بی جے پی نے امیدوارں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس فہرست میں بی جے پی نے کل 99 امیدوارں کو میدان میں اتارا ہے۔ پارٹی نے اپنی پہلی فہرست میں 13 خواتین امیدواروں کو اسمبلی انتخاب میں قسمت آزمانے کا موقع دیا ہے۔ ساتھ ہی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے سینیئر لیڈر اشوک چوہان کی بیٹی شریجیا چوہان کو بھی بی جے پی نے بھوکر سے ٹکٹ دیا ہے۔

بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ فہرست میں کئی اہم لیڈران کے نام بھی شامل ہیں جنہیں اسمبلی انتخاب کے لئے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ان میں اہم نام نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس کا ہے جسے پارٹی نے ناگپور ساؤتھ ویسٹ سیٹ سے امیدوار بنایا ہے۔ وہیں پارٹی نے اس بار ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کو بھی امیدوار بنایا ہے وہ کامٹھی سے اپنی قسمت آزمائیں گے۔


بی جے پی اور ان کی حلیف پارٹیوں میں مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے لئے سیٹوں کی تقسیم کا جو فارمولا طئے ہوا ہے۔ اس کے مطابق 288 ارکین اسمبلی والی مہارشٹرا کی 188 سیٹوں پر بی جے پی، 70 سیٹوں پر ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا، 50 سیٹوں پر اجیت پوار والی این سی پی اسمبلی انتخاب لڑ سکتی ہے۔

واضح ہو کہ مہاراشٹر میں 20   نومبر کو اسمبلی انتخاب کے لئے ووٹ ڈالا جائے گا۔ جس کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔ مہاراشٹرا میں اسمبلی کی کل 288 سیٹیں ہیں۔ 2019 کے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو 105 سیٹی ملی تھیں۔ اس بار کے انتخابات میں بی جے پی ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی قیادت والی سیاسی پارٹیوں شیو سینا اور این سی پی کے ساتھ مل کر مقابلہ کرے گی۔  

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔